شہر میں سرعام منشیات کی فروخت، جگہ جگہ نشیؤں کے ڈیرے، حکومت بے بس شہری پریشان

شہر میں سرعام منشیات کی فروخت، جگہ جگہ نشیؤں کے ڈیرے، حکومت بے بس شہری پریشان

  

لاہور(رپورٹ، افضل افتخار، تصاویر، عمر شریف)صوبائی دارلحکومت لاہور میں جگہ جگہ نشیؤں نے اپنی آماجگاہ قائم کی ہوئی ہے جہاں پر وہ کھلے عا م نشہ کرنے میں مصروف ہیں اور ان کو کوئی روکنے والا نہیں،لاہور شہر میں نہ صرف باغات بلکہ سڑکوں پر بھی نشیؤں کی ایک بہت بڑی تعداد نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں،خاص طورپر داتا دربار،بھاٹی چوک، چوبرجی چوک پر نشئی دن رات کھلے عام نشہ کرنے میں مصروف ہیں جہاں پر منشیات کی فروخت بھی جاری ہے تاہم ان کے خلاف کوئی کارورائی عمل میں نہیں لائی جارہی اور یہ سلسلہ دن بدن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے روز نامہ پاکستان کے سروے میں لاہور شہر میں جگہ جگہ نشیؤں کے ڈیرے ڈالنے اور کھلے عام منشیات کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔یہ نشئی نشہ کرکے سارا دن دھت پڑے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ مقامی پولیس ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کرتی۔ان کو نشہ کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ان نشیؤں کے پاس نشہ کے لئے پیسے کہاں سے آتے ہیں اور ان کو یہ منشیا ت کون فراہم کرتا ہے اس حوالے سے بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی جس سے ان کی تعداد میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ یہ نشئی بھیک مانگتے بھی نظر آتے ہیں لاہور شہر میں ان کا سب سے بڑا گڑھ بھاٹی چوک داتا دربار ہے جہاں پر جگہ جگہ یہ نشئی موجود ہیں جس سے یہاں پر آنے والے ا فراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ نشئی نشہ میں ان کو تنگ کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔ دوسری جانب حکومت اس منشیات مافیا کیخلاف کارروائی سے مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔

نشئی ڈیرے 

مزید :

صفحہ اول -