سٹاک ایکسچینج کی ترقی اور مضبوطی کی صورتحال حوصلہ افزا ہے: عارف علوی 

سٹاک ایکسچینج کی ترقی اور مضبوطی کی صورتحال حوصلہ افزا ہے: عارف علوی 

  

 کراچی (اکنامک رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا جو  ان کے صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ تھا۔اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی، وزارت بحری امور کے مشیر محمود مولوی، سندھ اسمبلی کے اراکین خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور دیگر افراد بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ سلیمان ایس مہدی اور بورڈ کے اراکین،  چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ممبر پالیسی بورڈ اور مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ عدنان آفریدی اور دوسرے افراد نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔صدر مملکت اور ان کے وفد کے ارکان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی جن میں ملک کی معیشت اور کیپیٹل مارکیٹ سر فہرست تھے۔صدر مملکت کو اسٹاک ایکسچینج میں کام کرنے کے طریقہ کار اور قواعد و ضوابط سے آگاہ کیا گیا جو اس کے آپریشنز، ریگولیٹری، ٹریڈنگ اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر سے متعلق ہیں۔ انہیں اسٹاک ایکسچینج کے ارتقا اور ترقی کے پس منظر سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ان کی اسٹاک ایکسچینج کے دورے کی دیرینہ خواہش تھی جو آج پوری ہوئی۔ انہوں نے کہا اسٹاک ایکسچینج کی ترقی اور مضبوطی کی صورتحال حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا  اور اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور یہاں چھوٹے سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنا سرمایہ لگا کر اس کے ثمرات سمیٹ سکیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی غیر معمولی کارکردگی اور پاکستان کی معیشت کی ترقی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ پر مختلف تبصرے ہوتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج بہترین ہے اور پاکستان کی معیشت بھی بہترین ہو چکی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے اپنے خیر مقدمی کلمات میں صدر مملکت کے اسٹاک ایکسچینج کے دورے کو اسٹاک مارکیٹ کے لیے  عزت افزائی قرار دیتے ہوئے کہا ملکی اسٹاک مارکیٹ مختلف امتحانوں سے کامیابی سے ابھر ی ہے جس میں کورونا وائرس کی وبا، دہشت گردی کا ناکام حملہ اور موسم کی سختیاں شامل ہیں جس سے نبرد آزما ہو کر یہ بہترین کارکردگی اور غیر معمولی کاروبار کی حامل ٹھہری ہے۔انہوں نے کہا ان کامیابیوں کو صدر مملکت کیساتھ منانے سے زیادہ کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا۔انہوں نے پاکستان کی معیشت کی صحیح سمت حکومت پاکستان کی موثر اور اہل قیادت کی نشاندھی کرتی ہے جو اسٹاک مارکیٹ کی بہترین کارکردگی سے بھی ظاہر ہے۔بعد ازاں معزز مہمانوں کو ٹریڈنگ ہال کا دورہ کرایا گیا۔ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ سلیمان ایس مہدی اور اراکین بورڈ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ ایچ خان اور دیگر افراد نے صدر مملکت اور دیکر مہمانانِ گرامی کا دورے کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ اور ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے اپنے تعاون کا بھی وعدہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -