کراچی، کورنگی میں  4 منزلہ عمار ت زمین بوس، 7افراد جاں بحق، 20سے 25افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ 

کراچی، کورنگی میں  4 منزلہ عمار ت زمین بوس، 7افراد جاں بحق، 20سے 25افراد کے ...

  

 کراچی (این این آئی)کراچی شرقی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمیں بوس ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ملبے میں 20سے 25افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کراسنگ اللہ والا ٹاون کے قریب رہائشی عمارت گرگئی، عمارت چار سے 5منزلہ تھی۔واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہے، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے 7افراد کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ خواتین اوربچوں سمیت 8 افراد زندہ نکال لیاگیا۔امدادی ٹیموں اورپولیس کی مدد سے زخمیوں کوملبے سے نکالنے کی کوشش جاری ہے، ملبے سے نکالے گئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پاک فوج کے اہلکار امدادی کارروائیوں کیلئے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔دو ہیوی مشینری کے ذریعے عمارت کے ملبے کو ہٹایا جارہاہے اور ملبے کے بڑے بلاکس ہیوی مشینری سے اٹھائے جارہے ہیں۔عمارت گرنے سے ساتھ کی عمارت کوبھی نقصان پہنچا اور جائے حادثہ پردائیں اور بائیں جانب کی عمارتیں بھی مخدوش ہوگئیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں 15سے20خاندان رہائش پذیرتھے۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ عمارت چائناکٹنگ پر بنی ہوئی تھی، نوٹس بھی جاری ہوا تھا، عمارت کے ملبے سے آوازیں آرہی ہیں، عمارت میں رہنے والے زیادہ تر غریب اور سارے کرایے دار تھے، عمارت کے اندر 30سے35لوگ موجود ہیں۔ زمین بوس ہونیوالی عمارت کی زمین کے نقشے سے ظاہر ہوتاہے کہ عمارت غیرقانونی ہونے کے باوجود ایس بی سی اے نے کوئی ایکشن نہ لیا۔ایس بی سی اے حکام کا کہنا ہے کہ رفاعی پلاٹ 22596اسکوائر یارڈ پر مشتمل تھا، یہ رفاعی پلاٹ پلے گراؤنڈ تھا، رفاعی پلاٹ کے نقشے کے مطابق ایک حصے پرغیرقانونی تعمیرات تھیں، پلے گراؤنڈ کے حصے پراور بھی غیر قانونی تعمیرات ہیں۔

عمارت زمین بوس

مزید :

صفحہ اول -