پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے تین ناموں پر غور شروع، یہ کون ہیں اور قرعہ کس کے نام نکلے گا؟

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے تین ناموں پر غور شروع، یہ کون ہیں اور ...
پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے تین ناموں پر غور شروع، یہ کون ہیں اور قرعہ کس کے نام نکلے گا؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹ کمیٹی کا نیا چیئرمین منتخب کرنے کیلئے تین ناموں پر غور شروع کر دیا ہے اور حتمی انتخاب آئندہ ہفتے کئے جانے کا قوی امکان ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم کے مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین کا عہدہ خالی تھا جس کیلئے پی سی بی کی جانب سے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔ پی سی بی نے چیئرمین کرکٹ کمیٹی کیلئے ظہیر عباس، انتخاب عالم اور سلیم یوسف کا نام تجویز کیا ہے، آئندہ ہفتے ان میں سے کسی ایک فرد کے نام چیئرمین کا قرعہ کھلے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے ان تین ناموں کے علاوہ بھی کئی کرکٹرز کے نام زیر غور ہیں۔ بورڈ آئندہ ہفتے ہی چیئرمین کرکٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کرے گا کیونکہ رواں ماہ کے اختتام سے نیشنل ٹی 20 کا آغاز ہو گا جس سے قبل کمیٹی کا اجلاس بلانا ضروری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے کمیٹی کے ایک رکن کا نام بطور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میچ ریفری کیلئے بھجوایا جائے گا اور منظوری کی صورت میں ایک رکن کی سیٹ خالی ہوگی جس کے بعد نئے رکن کا انتخاب کرنا پڑے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم نے خود کو ڈمی چیئرمین کہتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔اقبال قاسم نے کہا تھا کہ میں ایک ڈمی چیئرمین ہوں جو ایک میچ ریفری کی بھی سفارش نہیں کرسکتا۔

مزید :

کھیل -