فیس بک نے یونیورسٹیز میں پڑھنے والے طالبعلموں کے لیے زبردست فیچر متعارف کروادیا

فیس بک نے یونیورسٹیز میں پڑھنے والے طالبعلموں کے لیے زبردست فیچر متعارف ...
فیس بک نے یونیورسٹیز میں پڑھنے والے طالبعلموں کے لیے زبردست فیچر متعارف کروادیا
کیپشن:    سورس:   Facebook

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے بنیادی طور پر ہارورڈ یونیورسٹی کے طالب علموں کو باہم رابطے کا پلیٹ فارم مہیا کرنے کے خیال سے جنم لیا تھا۔ اب بالآخر فیس بک واپس اسی ڈگر کی طرف پلٹ آیا ہے اور طالب علموں کی آسانی اور انہیں اپنے کلاس فیلوز سے رابطے میں رکھنے کے لیے ایک انتہائی اہم فیچر متعارف کروا دیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس فیچر کا نام ’کیمپس‘ رکھا گیا ہے جس میں طالب علموں کو ایک نئی پروفائل بنانی ہو گی۔ اس نئی پروفائل میں نام، پروفائل پکچر اور دیگر معلومات ان کی اصل فیس بک پروفائل سے امپورٹ کی جائیں گی تاہم وہ ان معلومات کو ایڈٹ کرکے اپنی کلاس، مضامین اور دیگر تفصیل اس میں شامل کر سکتے ہیں۔

اس طرح جن طالب علموں کی کلاس اور مضامین ایک جیسے ہوں گے وہ باہم رابطے میں رہیں گے۔ کیمپس کے فیچر کے تحت اپنی پروفائل بنانے والے طالب علموں کے لیے نیوزفیڈ بھی الگ سے ہو گی جس پر ان کے تعلیمی ادارے کے متعلق ہی پوسٹس ظاہر ہوں گی جو اس ادارے کی انتظامیہ اور طالب علموں کی طرف سے کی جائیں گی۔ کہا جا رہا ہے کہ نوجوان نسل فیس بک کو چھوڑ کر ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز کی طرف متوجہ ہو رہی ہے۔ چنانچہ فیس بک کی طرف سے نوجوانوں کو واپس اپنی طرف راغب کرنے کے لیے یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ فیچر فی الوقت امریکہ کے 30کالجز و یونیورسٹیوں کے لیے شروع کیا گیا ہے جن میں براﺅن، ڈوک، جارجیا سٹیٹ، جانز ہوپکنز، یونیورسٹی آف پنسلوانیا اور دیگر شامل ہیں۔ تاہم اس فیچر میں ہارورڈ یونیورسٹی کو شامل نہیں کیا گیا جہاں سے فیس بک نے جنم لیا تھا۔

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -