”بابراعظم پر تنقید کرنا انتہائی افسوسناک بات ہے“ کامران اکمل نے حیران کن بیان جاری کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے قومی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم پر تنقید کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی توانائیاں نوجوان کپتان کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی خرچ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ”افسوسناک امر تو یہ ہے کہ لوگوں نے ہمارے نمبر ون بلے باز بابراعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے کہ وہ تیز رفتاری سے رنز نہیں بناتے یا زیادہ میچز نہیں جیت رہے، ہم کیا چاہتے ہیں؟ اگر ہم معاملات میں بہتری چاہتے ہیں تو اپنی توانائیاں ان کی حوصلہ افزائی پر خرچ کرنی چاہئیں۔ ٹیم انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ اور اعتماد میسر ہو نہ کہ منظور نظر افراد کو ہی ترجیح دی جاتی رہے۔“
کامران اکمل نے کہا کہ ”جب کسی کھلاڑی کو اس کی کارکردگی دیکھے بغیر ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے نکالنا چاہیں تو بہت آسانی سے کہہ دیتے ہیں کہ فلاں کرکٹر اب ختم ہو گیا ہے اب اسے ٹیم سے نکال دیں۔ سابق کرکٹرز سمیت بہت سے لوگ محمد حفیظ کو ٹیم سے نکالنے کی باتیں کر رہے ہیں لیکن وہ کھڑے ہوئے اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کو میچز جتوائے، مجھے امید ہے کہ ناقدین کے پاس اب کوئی جواز نہیں ہے اور انہیں اچھی طرح سبق مل گیا ہو گا۔“