پیمرا نے بول ٹی وی کے مشہور پروگرام پر پابندی عائد کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بول ٹی وی کے مشہور پروگرام " ٹک ٹاک شو" کی نشریات پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی۔
پیمرا کے مطابق ٹک ٹاک شو میں انتہائی نامناسب ، بیہودہ، فحش اور انڈین میوزک پر مبنی ویڈیوز اور مواد نشر کیا جارہا تھا۔ اس کے خلاف پاکستانی عوام نے پیمرا کو نہ صرف براہ راست شکایات جمع کرائیں بلکہ وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل پر بھی شکایات کیں جس کے بعد چینل انتطامیہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھیج کر مذکورہ پروگرام کے مواد کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
پیمرا کی ہدایت کے باوجود بول انٹرٹینمنٹ نے مذکورہ پروگرام میں نامناسب ٹک ٹاک ویدیوز نشر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے اتھارٹی نے پیمرا آرڈینن کے سیکشن 27 کے تحت مذکورہ پروگرام نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔