بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو "منافق "قرار دے دیا

بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو "منافق "قرار دے دیا
بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو
کیپشن:    سورس:   twitter/MediaCellPPP

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان  پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مفت میں نہیں ملی، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان نے اس کی خاطر جانوں کی قربانیاں دیں ہیں اور آج بھی اس کی حفاظت کے لیئے سیاسی انتقام کا مقابلہ کر رہے ہیں،وزیراعظم منافق ہے، معاونین خصوصی کے لئے ایک قانون اور اپوزیشن کے لئے دوسرا قانون ہے۔

 سندھ کے شہر خیرپور ناتھن شاہ میں جنرل ضیا کے دور حکومت میں پارٹی کے 12 کارکنان کے یومِ شہادت پر اپنے پیغام  اور دورہ بدین کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں  بلاول بھٹو زرداری نےشہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ان شہیدوں کی عظیم قربانی کا ذکر سنہری حروف میں لکھے گی، پارٹی کے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا درست طریقہ ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہوتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریئے اور جدوجہد سے ایک سیکنڈ کے لئے بھی غافل نہیں ہوئی اور اب کئی نسلوں سے جاری یہ جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے کیونکہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام ایک سیکنڈ کے لئے بھی جمہوری نظام کی معطلی برداشت کرنے کے لیئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم منافق ہیں کیونکہ ان کے نزدیک حزب اختلاف اور معاونین خصوصی کیلئے الگ الگ قوانین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو بتا رہا ہوں، بدین میں بارشوں کے باعث بہت نقصان ہوا ہے،امداد تو دور کی بات وزیر اعظم کی جانب سے بدین کی متاثرہ عوام کیلئے ایک بیان تک سامنے نہیں آیا ، پاکستان پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت نے 2010 اور 2011 کے سیلاب کے دوران وطن کارڈ اور پاکستان کارڈ دئیے تاکہ متاثرین مشکل وقت میں اپنے خاندان کو سنبھال سکیں،مخیر حضرات کو اپیل کرتا ہوں، بارش متاثرین کی امداد کے لیئے آگے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں حزب اختلاف اور حکومتی اراکین کیلئے الگ الگ قوانین ہیں،سلیکٹڈ حکومت دونوں ہاتھوں سے کھا رہی ہے لیکن اِن سے کوئی پوچھ بھی نہیں سکتا،سپیشل اسسٹنٹس کا کوئی حساب نہیں ہےلیکن اپوزیشن کے خلاف بھونکتے رہتے ہیں۔

مزید :

قومی -