اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
کراچی(این این آئی)اوور سیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا مضبوط رجحان جاری رہااور اگست 2021 میں وہ 2.66 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ چھٹا مہینہ ہے کہ آنیوالی رقوم اوسطاً2.7ارب ڈالر کے لگ بھگ رہی ہیں اور 15واں مہینہ ہے کہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہی ہیں۔ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر اگست میں 26.8فیصد (سال بسال)بڑھ گئیں جو اس مہینے کیلئے پوری دہائی کی بلند ترین شرح نمو ہے۔اسٹیٹ بینک نے کہاکہ ماہ بہ ماہ بنیاد پر آنے والی رقوم جولائی سے معمولی سی کم تھیں جس سے عید کے بعد کی معمول کی سست روی کی عکاسی ہوتی ہے۔ تاہم یہ موسمی کمی اس سال تاریخی رجحانات کے مقابلے میں کہیں کم تھی۔ مجموعی طور پر5.36ارب ڈالر کی ترسیلات زر اس سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.4فیصد بڑھیں۔اگست 2021 کے دوران آنیوالی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب (694ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (512ملین ڈالر)، برطانیہ (353ملین ڈالر)اور امریکہ (279ملین ڈالر)سے آئیں۔گزشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری کے اسباب میں باضا بطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کیلئے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات شامل تھے۔
اوورسیز