برازیل،پاکستانی سفارتخانے کے زیر انتظام مینگو فیسٹیول کا انعقاد

برازیل،پاکستانی سفارتخانے کے زیر انتظام مینگو فیسٹیول کا انعقاد

  

لاہور (سٹی رپورٹر) برازیل کے شہر ساؤ پالو (Sao Paulo) میں پاکستانی سفارتخانے کے کمرشل سیکشن نے پاکستان کے ہر دلعزیز قومی پھل آم کو متعارف کرانے کیلئے مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی اور برازیلین کا روباری شخصیات کے علاوہ مختلف ممالک کے ڈپلومیٹس اور برازیلین میڈیا کے افراد نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی۔مینگو فیسٹیول میں پاکستانی آم کی تشہیر" پھلوں کے بادشاہ"اور " آموں کے بادشاہ "  کے طور پر کی گئی جس کو شائقین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کمرشل کونسلر وقاص عالم کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول کے انعقادکا بنیادی مقصد برازیل میں پاکستانی فروٹ اور دیگر مصنوعات کو متعارف کرانا ہے۔باوجود اس کے کہ برازیل آم کی پیداوار اور مختلف ممالک کو برآمد کرنے کے حوالے سے اہم ملک جانا جاتا ہے مگر پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے اور دل مو ہ لینے والی خوشبو نے برازیلین لوگوں کے دل جیت لیے ہیں۔تقریب میں مہمانوں کی خاطر مدارت پاکستانی آموں سے تیار کردہ مختلف لذیذ ڈیزرٹس سے کی گئی۔ فیسٹیول میں آم سے تیار کردہ مختلف پاکستانی مصنوعات بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی ہیں جن میں مینگو جیم، مینگو جیلی، مینگو چٹنی، مینگو کسٹرڈ، مینگو اچار ودیگر مصنوعات شامل تھیں۔ کمرشل کونسلر وقاص عالم کا کہنا تھا کہ آم ہمیشہ سے ہی پاکستان کے مہمان نواز اور امن و محبت کے کلچر کا عکاس رہا ہے۔ مختلف تہواروں اور خوشی کے مواقع پر آموں کے تحائف کا تبادلہ نہ صرف بین الاقوامی تعلقات بلکہ آپس کے باہمی تعلقات کی پائیداری کی ضمانت تصور ہوتا ہے۔پاکستان کے پر امن اور منفرد کلچر کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کیلئے ایسے فیسٹیولز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید :

کامرس -