کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن، انتخابی مہم ختم، امیدواروں کی تیاریاں مکمل، پولنگ کل 

    کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن، انتخابی مہم ختم، امیدواروں کی تیاریاں مکمل، ...

  

 لاہور،کراچی،راولپنڈی، پشاور

(نمائندگان،نیوز ایجنسیاں) اتورکوہونیوالے کنٹونمنٹ بو رڈز 

الیکشن کی انتخابی مہم کی گہما گہمی رات بارہ بجے ختم ہوگئی، جس کے بعد کو ئی بھی امیدوار اپنی انتخا بہ مہم چلا نے کا مجا ز نہ ہو گا۔ جبکہ پولنگ کل 12ستمبر بروزاتوار کوہوگی۔پولنگ کیلئے میدان سج گیا ہے جس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدوار میں جوش و خروش دیدنی ہے۔ امیدواروں نے پولنگ سٹیشنوں کے باہر اپنے انتخابی کیمپ قائم کر لئے ہیں۔اس انتخاب کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں مسلم لیگ (ن)،پیپلز پارٹی،تحریک انصاف،جماعت اسلامی،مسلم لیگ ق کے علاوہ کالعدم قرار دی گئی ٹی ایل پی کے امیدوار بھی حصہ لے رہے ہیں۔پولنگ کل بروز اتوار کو صبح نو تا پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے دونوں کنٹونمنٹ بورڈز ”لاہور کنٹونمنٹ بورڈ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز“کی کل 20 نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 270 امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں بورڈز میں دس دس وارڈز یا یونین کونسلز بنائی گئی ہیں۔لاہور کنٹونمنٹ بورڈ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 5 لاکھ 99 ہزار 757 ہے جن میں خواتین کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 541 ہے۔ یہاں الیکشن کے لئے کل 357 پولنگ سٹیشنوں پر 1یک ہزار 82 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔لاہور کنٹونمنٹ بورڈ میں ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 754 ہے اور یہاں الیکشن کمیشن کی جانب سے 121 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کی دس نشستوں پر کل 111 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 66 کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے جبکہ 45 آزاد امیدوار بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔والٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 90 ہزار 3 ہے جو 236 پولنگ سٹیشنوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی دس نشستوں پر کل 159 امیدوار انتخابی دنگل کے لئے میدان میں اترے ہوئے ہیں۔پی ٹی آئی اور مسلم لیگ نے دونوں کنٹونمنٹ بورڈز کی تمام 20 کی 20 نشستوں پر اپنے اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔لاہور میں کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں متعدد سیاسی جماعتیں میدان میں ہیں لیکن اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں ہی ہو گا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے اپنی اپنی جیت کے دعوے کئے ہیں۔ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات کے لئے 355 پولنگ اسٹیشنز قائم کر دئیے گے جن میں سے 44 حساس ترین، بی کیٹیگری 241 اور سی کیٹیگری میں 70پولنگ اسٹیشنز شامل کئے گئے ہیں۔بتانا گیا ہے پولیس نے پولنگ اسٹیشنز کی سکیورٹی دینے کا پلان تیار کر لیا ہے۔تین ہزار پولیس ملازمین کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات میں سکیورٹی فراہم کریں گے۔ حساس ترین 44 پولنگ اسٹیشنز پر 10,10 جوان ڈیوٹی دیں گے۔ بی کیٹیگری میں شامل 241 پولنگ اسٹیشنز پر 8، 8 جوان ڈیوٹی دیں گے جبکہ سی کیٹگری میں شامل 70 پولیس اسٹیشنز میں 6، 6 جوان ڈیوٹی کے فرائض ادا کریں گے۔دوسری جانب چکلالہ کنٹونمنٹ کے وارڈ نمبر ایک سے پانچ کے پولنگ سٹیشن نمبر، 11اور 12انتظامی وجوہات کی بناء پرتبدیل کر دئیے گئے۔کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے لیے پشاور کے وارڈ ٹو میں 5 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے استعمال کرینگے 6 امیدوار مدمقابل ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن

پاکستان کاایک اور طیارہ 36ٹن سامان لیکرقندھار پہنچ گیا

کابل،اسلام آباد،نئی دہلی (نیوزایجنسیاں) پاکستان کا ایک اور سی 130 طیارہ آٹا اور ادویات پر مشتمل 36 ٹن امدادی سامان لے کر قندھار پہنچ گیا۔ پاکستان انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کیلئے پیش پیش، پاکستان کا ایک اور سی 130 طیارہ امداد لے کر قندھار پہنچ گیا جس میں آٹا اور ادویات شامل ہیں، پرواز امدادی سامان لے کر کراچی سے قندھار پہنچی۔ دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم کی صدارت میں برکس ممالک کی ورچوئل سربراہی کانفرنس نے شمولیتی بین افغان مذاکرات پر زور دیاہے اور طالبان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افغانستان کی سرزمین کا دہشت گردی کے لیے استعمال کی اجازت نہ دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا کی پانچ بڑی ابھرتی ہوئی اقتصادی قوتوں کے گروپ برکس کی سربراہی کانفرنس بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہوئی۔ اس میں گروپ کے دیگر ممالک روس، چین، برازیل اور جنوبی افریقہ کے صدور نے بھی حصہ لیا۔ ان رہنماوں نے گوکہ طالبان کا نام نہیں لیا اور نہ ہی افغانستان کی موجودہ صورت حال کے لیے ان کو مورد الزام ٹھہرایا تاہم وہاں ہونے والے تازہ ترین پیش رفت پر تشویش کا اظہار کیا اورتشدد کو ترک کرنے اور صورت حال پرپرامن طریقوں سے قابو پانے کی اپیل کی۔روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق پوٹن نے کہا کہ فغانستان کو اپنے پڑوسی ملکوں کے لیے خطرہ، منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی کا منبع نہیں بننا چاہئے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، چین کے صدر شی جن پنگ، جنوبی افریقہ کے صدر سائرل رام فوسا اور برازیل کے صدر جابیر بولسونارو نے برکس کی حصولیابیوں، عالمی سیاست میں اس کے کردار اور اس کے سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے سلسلے میں اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

برکس ممالک 

  پی ایم ڈی کی تجویز مسترد، میڈیا اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا جدوجہد کا اعلان

 کراچی (پ ر) میڈیا اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اس کے خلاف جدو جہد کا اعلان کردیا۔میڈیا اداروں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (امینڈ) کے نمائندوں نے شرکت کی۔میڈیا اداروں نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کے قیام کی تجویز کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ میڈیا نمائندوں نے قرار دیا کہ حکومت کے زیر انتظام میڈیا پلیٹ فارمز کو کنٹرول کرنے والی اتھارٹی دراصل پریس اور آزادی اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کی کوشش ہے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں شامل تمام میڈیا تنظیموں نے حکومت کی جانب سے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ہر سطح پر مخالفت کے عزم کا اعادہ کیا۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی 

قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 73واں یوم وفات آج منایا جائیگا

کراچی(سٹاف رپورٹر) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 73واں یوم وفات آج11ستمبر کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت مساجد میں بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ سرکاری اور نجی سطح پر بھی تقریبات میں قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اوران کی روح کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی دعا کی جائے گی۔قائد اعظم محمد علی جناح ؒ25 دسمبر 1876 میں کراچی میں پیدا ہوئے، انہیں 1937 میں مولانا مظہرالدین نے قائداعظم ؒکا لقب دیا۔ قیام پاکستان کے بعد قائداعظم پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے اور 11 ستمبر 1948 میں وفات تک اس عہدے پر تعینات رہے۔

بانی پاکستان

  

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں تاریخی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے،چوہان

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اداروں کو خود مختاری اور اپنی حدود میں کھل کر کھیلنے کا موقع دے کر گورننس میں بہتری لا رہی ہے۔ گزشتہ دور میں بلاوجہ سیاسی مداخلت سے اداروں کی تباہی سب دیکھ چکے لیکن سیاسی چھیڑ چھاڑ سے آزاد محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب میں بلا امتیاز اور بلا تخصیص کاروائیوں سے کرپشن کے ناسور کے خلاف تاریخی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے اور عوام کا محکمہ پر اعتماد بحال کر رہا ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اگست 2018 سے جولائی 2021 تک محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے مجموعی طور پر 227.33 ارب روپے کی ریکوریاں کیں اور 196.65 ارب روپے کی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ واگزار کرائی گئی اس زمین میں سے 24 ارب روپے کی قیمتی سرکاری زمین 43 ن لیگی ممبران، وُزرا اور مشیروں کے پاس تھی جہاں ان ن لیگی ''بیچاروں '' نے پلازے، سینما گھر، پٹرول پمپ سمیت دیگر کمرشل کاروبار بنا رکھے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے سرکاری محصولات، ڈویلپمنٹ چارجز، نقشہ جات کی فیس وغیرہ کی مد میں 28.3 ارب روپے بالواسطہ اور 2.38 ارب روپے براہ راست قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔ ابھی تک محکمہ اینٹی کرپشن تقریباً 557194 کنال سرکاری زمین واگزار کرا چکا ہے جس میں محکمہ اوقاف کی 5152.184 ملین مالیت کی 95026 کنال زمین میں سے 24920 کنال واگزار کرائی گئی۔  

چوہان

الیکشن کمیشن کااصلاحات بلز پر

 34 تحفظات کا اظہار، چیئرمین قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کو خط

   اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے الیکشن اصلاحات بل پر چیئرمین قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور تاج حیدر کو خط لکھ کر الیکشن اصلاحات بلز پر 34 تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن اصلاحات بلز میں شامل متعدد شقیں آئین کے خلاف ہیں،الیکشن کمیشن انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا حامی ہے لیکن جلد بازی میں عام انتخابات میں مشینوں کے استعمال پر تحفظات ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے قبل تمام فریقین کا اتفاق ضروری ہے،ای وی ایم کے استعمال سے قبل وسیع پیمانے پر ٹیسٹنگ کی ضرورت ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم کے سافٹ ویئر اور ہارڈ وئیر میں ردوبدل کے خدشات ہیں،انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے قبل عوامی آگاہی انتہائی ضروری ہے۔الیکشن۔کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم کے استعمال سے قبل متعدد قوانین میں ترامیم کی ضرورت ہے،ای وی ایم الیکٹورل فراڈ یا انتظامی بدامنی کو نہیں روک سکتی۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم میں بائیو میٹرک  شناخت کا کوئی نظام نہیں ہے،ای وی ایم کے استعمال کیلیے 9 لاکھ مشینیں درکار ہوں گی۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم کے استعمال کے اخراجات 150 ارب روپے ہوں گے،کثیر رقم خرچ کرنے کے باوجود الیکشن کی ساکھ اور شفافیت مشکوک رہے گی۔انہوں نے کہاکہ ای وی ایم کی سیکیورٹی کیلئے وسیع انتظامات کرنے کی ضرورت ہوگی،کوڈ یا چپ کے ذریعے ای وی ایم کے سافٹویئر میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن میں ای وی ایم کے استعمال سے قبل وسیع پیمانے پر مشاورت کی ضرورت ہے،الیکشن کمیشن میں استعداد نہیں کی دو سال کے اندر ای وی ایم کا استعمال ممکن بنایا جاسکے۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ای وی ایم کے استعمال سے ایک دن کے اندر پولنگ کرانا ناممکن ہے،امریکہ اور یورپ سمیت دیگر جمہور ممالک نے الیکشن میں ای وی ایم استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،تحفظات کے باعث آئندہ انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال قابل عمل نہیں ہوگا۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ جلد بازی میں کیے گئے فیصلہ سے عوام کا انتخابی نظام پر اعتماد کم ہوگا،ایسے حالات ملک کیلئے خطرناک ہوں گے،ای وی ایم کے استعمال سے قبل فوری طور پر پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے چاہئیں۔

الیکشن کمیشن

اداکار عمر شریف کی مدد کریں 

دلیر مہندی کی عمران خان سے اپیل

لاہور(فلم رپورٹر) مشہور بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کے علاج سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔دلیر مہندی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمر شریف کے ساتھ اپنے ماضی کی یاد تازہ کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمر شریف اور میں شوکت خانم کی فنڈریزنگ میں ایک ساتھ رہے ہیں۔بھارتی گلوکار نے مزید کہا کہ عمر شریف کینسر سوسائٹی کے لئے کام پر بہت خوش تھے، آج انہیں علاج کی سخت ضرورت ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ عمر شریف اور آرٹسٹ برادری کی مدد کریں۔

 اپیل

حکومت کا آئینی ادارے پر پیسے پکڑنے کا الزام قابل شرم، حمزہ شہباز 

 لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کا ایک آئینی ادارے پر پیسے پکڑنے کا الزام لگانا قابل شرم ہے جھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے،الیکشن کمیشن اور اسکے جائز اعتراضات کا دلیل سے جواب دینے کے بجائے حکومت گھٹیا الزامات پر اتر آئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کے وہ ادارے جو انگلیوں پر ناچنے سے انکار کر دیں تحریک انصاف ان کی ساکھ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ حکومت طاقت اور دھونس کے بل بوتے پر ملک سے اختلاف رائے ختم کرنا چاہتی ہے جو اسکی فسطائی سوچ کا مظہر ہے۔167 جمہوری ممالک میں سے صرف 8 میں الیکٹرانک ووٹنگ ہوتی ہے 11 ممالک نے تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ شروع کی لیکن پھر اسے ترک کر دیا۔ہالینڈ، جرمنی، آئرلینڈ اور ناروے جیسے ممالک الیکٹرانک ووٹنگ شروع کر کے ترک کر چکے ہیں۔ جرمنی کی آئینی عدالت نے ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو عدم شفافیت کی بنیاد پر کالعدم قرار دیا تھا۔ باقی ممالک میں بھی ہیکنگ اور دیگر سیکورٹی وجوہات کی بنیاد پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرنا چھوڑ دیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے 1982 میں ووٹنگ مشین کا پہلی بار تجرباتی استعمال کیا اور 22 سالوں میں مختلف مراحل سے گزر کر 2004 میں لوک سبھا کے مکمل الیکشن اس پر کروائے۔حکومت کیوں ایک بہت ہی محدود طریقہ کار جس کی شفافیت پر بھی سوالیہ نشان ہے اسے چند ماہ میں نافظ کرنا چاہتی ہے؟،ابھی تک تو 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس بیٹھنے کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں حکومت ایک اور متنازعہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگانا چاہتی ہے۔ 

 حمزہ شہباز 

واسا حکام بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائیں، تساہل برداشت نہیں: وزیراعلٰی پنجاب 

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے۔پانی کے نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویڑن اور واسا حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بارشی پانی کے جلد نکاس میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔شہریوں کو مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔واسا، انتظامی اور ٹریفک پولیس حکام بارش کے دوران دفاتر نہیں فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ نکاسی آب مکمل ہونے تک رپورٹ ٹائم لائن کے ساتھ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ اور واسا حکام کوپانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسرا ن اورواسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں عوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردیاہے۔ شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں خود بھی فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتا۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح ون مین شو کا قائل نہیں ہوں۔سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ ذاتی تشہیر کی بجائے کام پر توجہ ہے۔دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں اور 3 برس کے دوران پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ الزامات کی سیاست کبھی نہیں کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعلی عثمان بزدار کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے اقدام کو سراہا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے -عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر پورا فوکس ہے-پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں - پارٹی عہدیداران و کارکنان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،دوسری جانب عثمان بزدار نے بادامی باغ میں معصوم بچے کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینوٹ میں بداخلاقی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزم کی 48 گھنٹے میں گرفتاری کا حکم دیا ہے۔عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار 

ای وی ایم ہیک کرنیوالے کو 10 لاکھ انعام دیں گے، شبلی فراز کا چیلنج 

  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے میں ہیکرز کو چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ ای وی ایم ہیک کرنے والے ہیکر کو 10 لاکھ روپے انعام دیں گے۔ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم ہیکرز کو چیلنج کریں گے کہ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک کرکے دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ ای وی ایم ہیک کرنے والے ہیکر کو 10 لاکھ روپے انعام دیں گے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ووٹ ڈالنے کا ای وی ایم سے آسان طریقہ ہے ہی نہیں، الیکشن کمیشن اپنے آپ کو متنازع نہ بنائے۔ 

شبلی فراز

کورونا سے مزید 83اموا ت 2689نئے کیس رپورٹ، پنجاب میں 15اضلاع ہائی رسک قرار، لاک ڈاؤن پابندیاں بڑھا دی گئیں 

 اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر،جنرل رپورٹر، لیڈی رپورٹر) کورونا سے ملک بھر میں مزید 83 افراد جان سے گئے، مرنیوالوں کی تعداد 26 ہزار 580 ہو گئی، چوبیس گھنٹے کے دوران تین ہزار چھ سو نواسی نئے مریض سامنے آئے۔گزشتہ روز کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ صفر تین فیصد ریکارڈ کی گئی۔این سی او سی کے مطابق پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 91ہزار 440 ہے، مجموعی کیسز کی تعداد 11لاکھ 97ہزار 887ہو گئی۔ 10لاکھ 79 ہزار 867 افراد کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا سے مزید 9 افراد جاں بحق، 672 نئے کیس رپورٹ ہوئے، مثبت کیسز کی شرح 12 فیصد ریکارڈ کئے گئے۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 36 مریض جاں بحق ہوئے، اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 169 ہو گئی ہے۔صوبہ بھر سے ایک ہزار 705 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کورونا کیسز کی مجموعی تعداد چار لاکھ 10 ہزار 464 تک پہنچ گئی۔ ایکٹیو کیسز کی تعداد 27 ہزار 97 ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شہر کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 59 فیصد وینٹی لیٹرز مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ 33 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض زیر علاج ہیں۔ادھرصوبہ پنجاب میں کورونا کی شرح میں تیزی سے اضافے کے پیش نظر 3ستمبرکے لاک ڈاؤن آرڈرمیں توسیع کرتے ہوئے پابندیاں بڑھا دی گئیں۔سیکرٹری صحت کے مطابق کورونا کی لہر میں اضافے کے پیش نظر پنجاب کے 15ہائی رسک اضلا ع میں 15ستمبرتک پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں، 15ہائی رسک اضلاع میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتا ن، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب،بہاولپور، گو جر ا نو ا لہ، رحیم یار خان، گجرات،شیخوپورہ، سیالکوٹ،بھکر شامل ہیں۔منتخب اضلاع میں تعلیمی ادارے15ستمبرتک بند رہیں گے، مارکیٹ،کاروباری سرگرمیاں رات 8بجے تک جاری رہیں گی اور ہفتہ،اتوار مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ ان ڈورڈائننگ پرپابندی ہوگی تاہم آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 10 بجے تک اجازت ہے۔ہائی رسک اضلاع میں ان ڈورآ ؤ ٹ ڈور اجتماعات پرمکمل پابندی ہوگی، تمام جم بند رہیں گے، تمام سرکاری،نجی دفاترمیں حاضری 50فیصد ہو گی۔ان ڈور شادیوں کی تقریبات پرمکمل پابندی ہو گی تاہم آؤٹ ڈور شادیو ں کی تقریبات رات10بجے تک ہوں گی، آؤٹ ڈور شادی تقریب میں 300افرادکی اجازت ہے۔15ہائی ر سک اضلاع کے مابین ٹرانسپورٹ بندرہے گی اور شہروں کے اندر ٹرانسپورٹ میں گنجائش 50فیصدہو گی جبکہ ایس اوپیز کے تحت ریل سروس 70فیصد گنجائش کیساتھ چلتی رہے گی۔سیکرٹری صحت کے مطابق ہائی رسک اضلاع میں مزار،دربار، جم ا و ر سینما بندرہیں گے،ٹرانسپورٹ سروسزمیں ریفرشمنٹ پرپابندی ہو گی، تفریحی پارکس، سوئمنگ  پولز، واٹرا سپو ر ٹس بندرہیں گے تاہم پبلک پارکس کوروناایس اوپیز کے مطابق کھل سکیں گے۔کورونا کے پیش نظر پنجاب کے 15 اضلاع کے سکو ل، کالجز، یونیورسٹیز کی بندش میں 15 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔محکمہ سکول ایجوکیشن  اورہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی کالجز اور یونیورسٹیز کی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، خوشاب، بھکر سمیت 15 شہروں کی جامعات اور کالجز بند رہیں گے۔ اس سے قبل 6 ستمبر سے 12 ستمبر تک تعلیمی ادارے کیے گئے تھے۔ 

کورونا صورتحال

ایڈیشنل آئی جی موٹر سے سجاد افضل قاتلانہ حملے میں زخمی، بھائی جاں بحق 

 اسلام آباد، راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں بھائی جاں بحق ہوگیا جبکہ اے آئی جی سجاد افضل آفریدی فائرنگ سے زخمی ہوگئے ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی موٹروے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ فتح جنگ انٹر چینج پر کی گئی ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی کے بھائی نعمان افضل جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعہ میں اے آئی جی موٹروے زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق سینئر پولیس افسران موقع پرپہنچ گئے اور واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔این این آئی کے مطابق اولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والی گاڑی پکڑی گئی، کار میں سوار 4 مسلح افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سجاد افضل آفریدی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والی گاڑی پکڑی گئی، کار میں سوار 4 مسلح افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی پولیس کی فرانزک ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ایس ایس پی آپریشن کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔عثمان بزدار نے ایڈیشنل آئی جی کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدرد کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور زخمی ایڈیشنل آئی جی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

فائرنگ 

پنجاب کابینہ، 6وزراء کے قلمدان تبدیل کرنیکا فیصلہ، بیورو کریسی میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کی تیاریاں 

 لاہور (جاوید اقبال) پنجاب کابینہ کے کئی وزرا کے محکموں میں ردوبدل کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔وزیراعلی نے صوبائی وزراء کے محکموں کی کارکردگی رپورٹ مرتب کرا لی ہے جس میں سے چھ وزیروں کے محکموں کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے کابینہ میں رد و بدل وزرا کی تین سالہ کارکردگی کی بنا پر کیا جا رہا ہے۔ وزرا کی کارکردگی کے حوالے سے مستند اداروں کی رپورٹس مرتب کر لی گئیں۔ جو وزیراعلی پنجاب کو پیش کردی گئی ہے جس کی روشنی میں  وزیراعلیٰ عثمان بزدار وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد اقدام اٹھائیں گے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں شامل پانچ وزرا کی وزارتیں خطرے سے دوچار ہیں۔ وزیر محنت عنصر مجید نیازی کے ممکنہ تبدیلی کی زد میں آنے کا امکان ہے۔ عنصر مجید نیا زی اپنے تنقیدی رویئے کے باعث مشکل میں ہیں۔ انصر مجید نیازی کابینہ کے اجلاس میں بھی اپنے غصے کا برملا اظہار کر چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ کی بھی وزارتیں خطرے سے دوچار ہیں۔ دونوں وزرا کی وزارتوں کی کارکردگی غیر تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے۔ دونوں وزرا کا تعلق جہانگیر ترین گروپ سے ہے۔ نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ ترین گروپ کے صف اوّل کے رہنما ہیں۔حافظ ممتاز کی وزارت میں بھی ردوبدل کا امکان ہے۔ وزیر خوراک علیم خان کے حوالے سے بھی پنجاب کے ایون اقتدار کے اعلی حلقے ناخوش ہیں۔ وزیر خوراک علیم خان بجٹ کے پہلے اجلاس کے بعد اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ عبدالعلیم خان کچھ عرصہ سے کابینہ کے اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہو رہے۔ ٹرانسپورٹ کی وزارت کی کارکردگی بارے بھی تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کے بھی ممکنہ تبدیلی کی زد میں آنے کا امکان ہے۔وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کی وزارت کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کے حوالے سے اعلی حلقوں میں تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن راشد حفیظ کی کارکردگی کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے آ گئے۔ لائیو اسٹاک کی وزارت کی کارکردگی بھی غیر تسلی بخش قرار دی جا رہی ہے۔ تاہم وزیر لائیو اسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کے جنوبی پنجاب سے تعلق کے باعث وزارت سے تبدیلی کا کم امکان ہے وزارتوں میں پارٹی رہنماوں کو اسپشل کوارڈینیٹر لگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پارٹی رہنماوں کو وزرارتوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے وزرا کے ساتھ ملکر کام کرنے کا ٹاسک سونپا جا سکتا ہے۔ باو رضوان کی وزارت ماحولیات کی کارکردگی بارے بھی تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم اتحادی جماعت کی وزارت ہونے کے باعث حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ دوسری طرف  چیف سیکریٹری پنجاب ڈاکٹر افضل کامران  بیبی انتظامی محاذ پر اپنی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت چند روز میں پنجاب میں کئی سیکریٹریز کے محکمے تبدیل کیے جا رہے ہیں کئی ڈویڑنل کمشنر کی تبدیلی کی زد میں آ نے والے ہیں ڈپٹی کمشنرز تبادلوں کا ریلا تیارہو  رہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ایڈیشنل چیف سیکرٹری انرجی  کی تبدیلی کا امکان ہے ان کی جگہ چیف سیکرٹری اپنے اعتماد اور ینگ قسم  کے افسروں کو لگانے کا ارادہ رکھتے ہیں بتایا جا رہا ہے کہ سیکرٹری اریگیشن سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری خوراک بھی تبدیلی کی زد میں ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خزانہ پر بھی بحث جاری ہے۔

کابینہ ردو بدل

موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، 6افراد جاں بحق، بجلی، ٹریفک کا نظام درہم برہم

لاہور،اسلام آباد(کرائم رپورٹر، جنرل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) لاہور،اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا،لیکن چھتیں گرنے، کرنٹ لگنے،آسمانی بجلی گرنے سمیت دیگر مختلف حادثات میں بچوں،خاتون سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے، انڈر پاسز اور سڑکوں پر پانی جمع، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ لاہور میں 215 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، 40سے زائد ٹرانسفارمر نے کام چھوڑدیا،متعدد علاقے بجلی سے محروم ہونے کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں ہونے والی طوفانی بارش سے شہر کے نشیبی علاقے پانی ڈوب گئے یہاں تک کے جنرل ہسپتال،سروسز ہسپتال کے تہہ خانے پانی سے بھر گئے۔جنرل ہسپتال کا یہ عالم تھا کہ بارشی پانی وارڈوں میں داخل ہو گیا اور بیڈز پانی میں تیرتے رہے جس سے لاکھوں روپے کی ادویات و ساز و سامان خراب ہو گیا۔لکشمی چوک میں گاڑیاں بارشی پانی میں ڈوب گئیں جبکہ دیگر شہر کے علاقوں میں جل تھل سے سڑکیں،فٹ پاتھ،گلیاں ایک ہو گئے۔بارش کے باعث شہر کے بازاروں میں بھی مندے کا سماع رہا جبکہ شہر کے بیشتر علاقوں میں بارشی پانی اور بوندا باندی سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔لاہور کے علاقوں مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، سمن آباد اور ریلوے سٹیشن میں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ بھاٹی گیٹ، بلال گنج، موہنی روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بھی بادل خوب برسے جبکہ گڑھی شاہو، باغبانپورہ اور دو موریہ پل کے علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کاہنہ سرائیچ گاوں میں گھر کی خستہ حالت چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ تاج علی نے گھر میں بانس کی چھت ڈال رکھی تھی جو شدید بارش کے باعث گرگئی۔ چھت گرنے سے گھر میں موجود 8 ماہ کا طیب موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ 5 سالہ ارم، 7 سالہ مناہل اور 14 سالہ رمضانہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ارم اور عادل جانبر نہ ہوسکے اور دم توڑ گئے۔ رمضانہ زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔اوکاڑہ کے نواحی علاقہ جبوکہ چوک کے قریب تیز بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرگئی چھت کے نیچے30سالہ فوزیہ زوجہ شہنازاس کی 5سالہ بیٹی فاطمہ اور 4سالہ اسماعیل سویاہواتھا جوچھت گرنے سے شدید زخمی ہوگئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122نے کوئیک ریسپانس دیتے ہوئے چھت کے ملبے تلے دبی خاتون اوراس کے بچوں کوبحفاظت باہر نکال لیا جنہیں ابتدائی طبی امدا فراہم کرنے کے بعد علاج معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔اوکاڑاکے چک نمبر2/4Lاوکاڑہ کارہائشی 7سالہ احمد بارش ختم ہوتے ہی کھیلنے کے لئے گھر سے باہر گلی میں نکل گیا کھیلتے کھیلتے اسے بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔بچے کی اچانک وفات پر اس کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی پورا گاؤں بچے کی اچانک موت پر غمزدہ ہوگیا مرنے والابچہ 2بہنوں کااکلوتا بھائی تھا۔چونیاں کے نواحی گاؤں بھاگو کے آرائیاں میں آسمانی بجلی گرنے سے 47 سالہ اشرف نامی چرواہا جاں بحق ہو گیا جبکہ گجر چوک چونیاں میں خستہ حال چھت گر گئی ملبے تلے آ کر تین بچوں کی ماں 45 سالہ شاہدہ بی بی خالق حقیقی سے جا ملی، مقامی انتظامیہ نے زابطے کی کاروائی کے بعد لاشوں کو وارثان کے سپرد کر دیا۔مانگامنڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے لاکھوں روپے مالیت کے چار مویشی ہلاک، مانگامنڈی کے نواحی گاؤں جئے کا ٹبہ میں دوران بارش آسمانی بجلی گرنے سے دو محنت کشوں کی  لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی بھینسیں اور بکریاں ہلاک ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص جھلس کر شدید زخمی ہوگیا ہے۔ لاہور کے علاوہ شیخوپورہ اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ کراچی اور پشاور میں بھی برکھا رت نے موسلم دلفریب بنا دیا، پی ڈی ایم اے نے سندھ بھر میں الرٹ جاری کردیا  بلوچستان کے ضلع کوہلو کے ندی نالوں میں طغیانی کی صورت حال درپیش ہے۔

بارش،ہلاکتیں 

شدید بیمار اداکار عمر شریف کی وزیر اعظم سے بہتر علاج کی اپیل

لاہور(فلم رپورٹر) شدید بیمار اداکار عمر شریف نے وزیر اعظم عمران خان سے بہتر علاج کیلئے مدد کی اپیل کر دی۔ ان کی اہلیہ نے صحت کیلئے اگلے چوبیس گھنٹے اہم قرار دیدئیے۔کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج عمر شریف نے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اْن کا علاج چل رہا ہے مگر ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ بہتر علاج امریکا میں ہوسکتا ہے۔انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ جتنا ان کی قسمت میں لکھا تھا انہوں نے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی۔ اب عمران خان کو ان کی مدد کرنی چاہیے۔اہلیہ کا کہنا ہے کہ عمرشریف کے لیے 24 گھنٹے اہم ہیں۔ قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔قریبی رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ عمر شریف کافی عرصے سے دل کے مرض کے ساتھ دیگر تکالیف میں مبتلا ہیں۔ ان کی یادداشت بھی متاثر ہو گئی ہے۔

عمر شریف

 خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیار  منظوری کیلئے چیئرمین نیب کو ارسال 

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کیخلاف نیب ریفرنس تیار کر لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور کی طرف سے آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس منظوری کیلئے چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ریفرنس میں خواجہ آصف کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ریفرنس میں لیگی رہنما کیخلاف آمدن سے زائد اثا ثو ں کا الزام لگایا گیا ہے۔ چیئر مین نیب کی منظوری کے بعد خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جائیگا۔ ریفرنس عدالت میں دائر ہونے پر خواجہ آصف کو احتساب عدالت طلب کیا جائیگا۔  

خواجہ آصف

دسمبر تک7کروڑ افرادکی ویکسی 

نیشن کا ہدف عبور کر لینگے،اسد عمر

 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے سال کے آخر تک7کروڑافرادکوویکسین لگانے کاہدف رکھاگیاتھا، ہم جلداپنے طے کردہ ہدف سے تجاوز کر جائیں گے۔گزشتہ روزاپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسد عمر نے کہا اب تک 5کروڑسے زیادہ افرادکوویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے اور 2کروڑسے زیادہ افراد کو مکمل ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

اسد عمر

طالبان ایک حقیقت، ضروری نہیں ہمارے مشوروں پر چلیں،شیخ رشید 

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)  وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ طالبان ایک حقیقت ہیں، ضروری نہیں کہ وہ ہمارے مشوروں پر چلیں۔نجی ٹی وی سے  بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے  طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق سوال پر کہا کہ ہم دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں، وزیراعظم جلد دوشنبے میں روسی صدر کے علاوہ ایرانی اور ازبک صدر سے ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم عمران خان اہم کردار ادا کر رہے ہیں، عمران خان نے اشرف غنی کو سمجھایا تھا لیکن وہ نہیں سمجھے، عمران خان نے مجھے کہا تھا کہ اشرف غنی کے ساتھ بہت برا ہو گا۔ گفتگو کے دوران شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ طالبان کو کابینہ میں عبداللہ عبداللہ اور حامد کرزئی کو شامل کرنے کا کہا تھا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ کیا آپ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو اپنی کابینہ میں شامل کریں گے؟ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے آنے سے بھارت کو بہت دھچکا لگا ہے۔ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ افغانستان کو جو تعاون درکار ہو گا ہم کریں گے۔ جغرافیائی طور پر افغانستان کی پوزیشن بہت اہم ہے۔

 شیخ رشید 

افغانستان میں معاشی بحران 

کسی کے حق میں نہیں، شاہ محمود

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسپین کے ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اسپین کے وزیرخارجہ سے افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کے مقاصد یکساں ہیں اور دونوں ممالک امن کے خواہاں ہیں۔افغانستان کی صورتحال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کے مفاد میں ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردارادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمیں افغانستان کو انسانی بحران کی صورتحال سے بچانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی بدلتی صورتحال اوراستحکام میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کراپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے اپیل کی کہ عالمی برادری اور ادارے افغانستان کیلئے مختص فنڈزبحال کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان طالبان کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت کے حوالے سے پاکستان مشاورت کرے گا تاہم ابھی اس پر فیصلہ نہیں ہوا ہے اور جب دعوت آئے گی تو دیکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کا سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ وہاں لوگوں کو درپیش مسائل جنم نہ لیں کیوں کہ یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھے۔ وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کی مدد جاری رکھے گا اور زمینی راستے سے بھی مدد جاری رہے گی۔ اگر لوگوں کو تحفظ دینا ہے اور ان کی جانوں کو محفوظ کرنا ہے تو کوئی شرائط نہیں رکھنی چاہئے۔ اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین اور پاکستان 70 سالہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے وزیرخاجہر شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین میں اسپین پاکستان کی کوششوں کا معترف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے ذریعے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ معاشی روابط رکھ رہی ہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کے کردار سے مکمل آگاہ ہیں، اسپین انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین افغانستان میں بحالی کے عمل کیلئے فنڈ اکھٹا کرنے کا حصہ ہے، اسپین کی ایجنسی افغانستان میں امداد کیلئے تیار ہے، ابھی افغانستان میں حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ حالات کی بہتری کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کریں گے، افغانستان میں استحکام کیلئے عالمی برادری کو کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی، گزشتہ تین ہفتوں میں 24 ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی، پاکستان کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے 4 ممالک کا دورہ کیا اور 6 وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، افغان عوام کو تنہا رکھنا پاکستان سمیت خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین اور عالمی برادری کی پاکستان سے جو توقعات تھیں ان کو پورا کیا گیا، افغان عوام کیلئے فنڈ ریزنگ کرنی ہوگی اور تعاون فراہم کرنا ہوگا، افغانستان کا معاشی بحران کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان نے افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے امداد روانہ کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو بھی افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا، ایف اے ٹی ایف پر اسپین کے وزیر خارجہ کو پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا ہے، اسپین پاکستان کا یورپ میں تیسرا تجارتی شراکت دار ہے، افغانستان میں نئی حکومت کو تسلیم کرنے ممالک جلدی نہیں کرنا چاہتے۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -