واسا حکام بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائیں، تساہل برداشت نہیں: وزیراعلٰی پنجاب 

  واسا حکام بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائیں، تساہل برداشت نہیں: ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے۔پانی کے نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویڑن اور واسا حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کیلئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بارشی پانی کے جلد نکاس میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔شہریوں کو مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے۔ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں۔واسا، انتظامی اور ٹریفک پولیس حکام بارش کے دوران دفاتر نہیں فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ نکاسی آب مکمل ہونے تک رپورٹ ٹائم لائن کے ساتھ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بارش کے باعث شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ متحرک انداز میں فرائض سرانجام دے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ اور واسا حکام کوپانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسرا ن اورواسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں عوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردیاہے۔ شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں خود بھی فیلڈ میں جا کر صورتحال کا جائزہ لوں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتا۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح ون مین شو کا قائل نہیں ہوں۔سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں اور مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں۔ ذاتی تشہیر کی بجائے کام پر توجہ ہے۔دعوے کم اور کام زیادہ کئے ہیں اور 3 برس کے دوران پنجاب کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ الزامات کی سیاست کبھی نہیں کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا- سیف اللہ خان نیازی نے وزیر اعلی عثمان بزدار کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے اقدام کو سراہا -وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول ترین جماعت ہے -عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر پورا فوکس ہے-پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان ہمارا سرمایہ ہیں - پارٹی عہدیداران و کارکنان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے،دوسری جانب عثمان بزدار نے بادامی باغ میں معصوم بچے کے قتل کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینوٹ میں بداخلاقی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزم کی 48 گھنٹے میں گرفتاری کا حکم دیا ہے۔عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار 

مزید :

صفحہ اول -