افغانستان میں معاشی بحران  کسی کے حق میں نہیں، شاہ محمود

افغانستان میں معاشی بحران  کسی کے حق میں نہیں، شاہ محمود

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسپین کے ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور کہا کہ اسپین کے وزیرخارجہ سے افغانستان کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کے مقاصد یکساں ہیں اور دونوں ممالک امن کے خواہاں ہیں۔افغانستان کی صورتحال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کے مفاد میں ہے، عالمی برادری کو افغانستان میں معاشی بہتری کیلئے کردارادا کرنا چاہیے کیونکہ افغانستان میں معاشی بحران کسی کے حق میں نہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہمیں افغانستان کو انسانی بحران کی صورتحال سے بچانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان کی بدلتی صورتحال اوراستحکام میں اپنا کردار ادا کرے، پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کراپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے اپیل کی کہ عالمی برادری اور ادارے افغانستان کیلئے مختص فنڈزبحال کریں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان طالبان کی نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت کے حوالے سے پاکستان مشاورت کرے گا تاہم ابھی اس پر فیصلہ نہیں ہوا ہے اور جب دعوت آئے گی تو دیکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان کا سب سے اہم مسئلہ یہ ہے کہ وہاں لوگوں کو درپیش مسائل جنم نہ لیں کیوں کہ یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھے۔ وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان افغانستان کی مدد جاری رکھے گا اور زمینی راستے سے بھی مدد جاری رہے گی۔ اگر لوگوں کو تحفظ دینا ہے اور ان کی جانوں کو محفوظ کرنا ہے تو کوئی شرائط نہیں رکھنی چاہئے۔ اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین اور پاکستان 70 سالہ دوطرفہ تعلقات رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے وزیرخاجہر شاہ محمود قریشی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین میں اسپین پاکستان کی کوششوں کا معترف رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے ذریعے یورپی یونین پاکستان کے ساتھ معاشی روابط رکھ رہی ہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان کے کردار سے مکمل آگاہ ہیں، اسپین انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کرنے کیلئے تیار ہے۔ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ اسپین افغانستان میں بحالی کے عمل کیلئے فنڈ اکھٹا کرنے کا حصہ ہے، اسپین کی ایجنسی افغانستان میں امداد کیلئے تیار ہے، ابھی افغانستان میں حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسپین کے وزیرخارجہ ہوزے مانوئل البارس نے کہا کہ حالات کی بہتری کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کی مدد کریں گے، افغانستان میں استحکام کیلئے عالمی برادری کو کام کرنا ہوگا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی، گزشتہ تین ہفتوں میں 24 ممالک کے وزرائے خارجہ سے بات ہوئی، پاکستان کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے 4 ممالک کا دورہ کیا اور 6 وزرائے خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، افغان عوام کو تنہا رکھنا پاکستان سمیت خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین اور عالمی برادری کی پاکستان سے جو توقعات تھیں ان کو پورا کیا گیا، افغان عوام کیلئے فنڈ ریزنگ کرنی ہوگی اور تعاون فراہم کرنا ہوگا، افغانستان کا معاشی بحران کسی کے مفاد میں نہیں، پاکستان نے افغانستان میں انسانی بحران کے خاتمے کیلئے امداد روانہ کی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو بھی افغان عوام کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا، ایف اے ٹی ایف پر اسپین کے وزیر خارجہ کو پاکستانی کوششوں سے آگاہ کیا ہے، اسپین پاکستان کا یورپ میں تیسرا تجارتی شراکت دار ہے، افغانستان میں نئی حکومت کو تسلیم کرنے ممالک جلدی نہیں کرنا چاہتے۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -