بڑھتی مہنگائی کے باعث نظام زندگی چلانا شدید دشوار ہوتا جارہا ہے، وسیم یاور

  بڑھتی مہنگائی کے باعث نظام زندگی چلانا شدید دشوار ہوتا جارہا ہے، وسیم یاور

  

لاہور(سٹی رپورٹر) چیف آرگنائزر موتی بازار وسیم یاور بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے شتر بے مہار حالات متوسط طبقے عام آدمی کیلئے زندگی کو شدید تشویشناک بنارہے ہیں۔ عام آدمی کی قوت خرید ختم ہورہی ہے اور نظام زندگی کو چلانا شدید دشوار ہوتا جارہا ہے۔ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے سخت اور موثر حکمت عملی لے کر آئے جس سے مہنگائی کے منہ زور طوفان کے آگے بند باندھا جاسکے۔ 

تاجر کمیونٹی نامساعد حالات میں کاروبار کے پہیئے کو رواں رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کررہی ہے۔ بازار مارکیٹیں اور تجارتی مراکز ہفتے میں دو چھٹیوں اور ٹیکسوں کی بھاری شرح مہنگی الیکٹرسٹی اور دیگر اخراجات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بھاری اضافے کی وجہ سے کاروباری امور میں شدید کٹھن مراحل سے گزر رہے ہیں۔ حکومت ملک میں پھیلی اس غیر یقینی اور بے چینی کی کیفیت کے ازالے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بزنس سیکٹر کیلئے ریلیف اور سبسڈیز آپریشن کا آغاز کرے۔ مہنگائی کے طوفان کے آگے بند باندھنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ تاکہ کاروبار چل سکیں معیشت مستحکم ہوسکے۔ کاروبار پر پابندیوں بندشوں کے حالات میں دنیا بھر میں حکومتیں عوام کو ریلیف دیتی ہیں جبکہ یہاں مزید مہنگائی ہورہی ہے۔ حکومت ملک کے مجبور اور مشکل زدہ لوگوں کی مشکلات کا احساس کرے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -