ملک میں صنعتوں کی ترقی وزیراعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: گورنر سندھ 

  ملک میں صنعتوں کی ترقی وزیراعظم کی اولین ترجیحات میں شامل ہے: گورنر سندھ 

  

 کراچی (سٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں اور کراچی کے صنعتی علاقوں کی مختلف ایسوسی ایشنز کے صدور بھی شریک تھے۔ گورنر سندھ نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کی ترقی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتوں نے معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ معیشت کے استحکام سے ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری میں بھی کمی واقعہ ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں سے متعلق بہت سے متعلقہ مسائل کو سندھ انڈسٹریل رابطہ کمیٹی (SILC) کے پلیٹ فارم سے کامیابی سے حل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فعال تجارتی ماحول نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ گورنر سندھ نے مذید کہا کہ حکومت کی توجہ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر ہے تاکہ نئی سرمایہ کاری کو راغب کیا جاسکے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کو بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دی جارہی ہے کیونکہ سرمایہ کاری میں سہولت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت ملک میں صنعتی ترقی کے لیے رکاوٹوں کو دور کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو مذید بتایا کہ وفاقی حکومت برآمدات کو بڑھانے کے لئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز (ای پی زیڈ) کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایس آئی ایل سی کے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صنعتی شعبے کی زیادہ سے زیادہ ممکنہ تعاون اور مدد جاری رکھے گی۔

مزید :

صفحہ اول -