پاکستان میں سکولوں کی بندش نے تعلیمی عمل کو شدید متاثر کیا: یونیسف سروے

  پاکستان میں سکولوں کی بندش نے تعلیمی عمل کو شدید متاثر کیا: یونیسف سروے

  

 نیویارک(این این آئی)یونیسف کی جانب سے کی جانے والی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کا شمار جنوبی ایشیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں حکومت اور شراکت داروں کی جانب سے ریموٹ لرننگ میں توسیع کی نمایاں کوششوں کے باوجود بھی سکول بند ہونے سے بچوں کو تعلیمی مواقع میں خطرناک حد تک عدم مساوات پیدا ہوا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یونیسف کا کہا کہ پاکستان، بھارت، مالدیپ اور سری لنکا میں کی جانے والی تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ کورونا وائرس وبا کے باعث جنوبی ایشیائی ممالک میں سکول بند ہونیکی وجہ سے 43 کروڑ 40 لاکھ بچوں کی تعلیم میں خلل پیدا ہوا۔پاکستان میں 23فیصد بچے ایسے ہیں جن کے پاس ایسی کوئی ڈیوائس موجود نہیں ہے جس کے ذریعے وہ ریموٹ لرننگ تک رسائی حاصل کرسکیں، اس سے غریب اور پسماندہ گھرانے شدید متاثر ہوئے ہیں جہاں خاندان ایک ڈیوائس کے اخراجات برداشت کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔یونیسف نے اس بات کی نشاندہی کی کہ جب ڈیوائسز موجود ہوتی ہیں تب بھی وہ اکثر کم استعمال کی جاتی ہیں اور بچوں کی ان تک رسائی اکثر محدود ہوتی ہے، مثال کے طور پر پاکستان میں وہ بچے جنہیں ڈیواسز تک رسائی حاصل ہے ان میں سے صرف 24 فیصد جب چاہیں اسے استعمال کر سکتے ہیں۔یونیسف کی تحقیق کے مطابق طلبہ اور ان کے والدین کی بڑی تعداد نے یہ شکایت کی ہے کہ طلبہ کے سیکھنے کے عمل میں کورونا وائرس سے قبل کے مقابلے میں نمایاں کمی آئی ہے، حکومت کی نمایاں کوششوں کے باوجود کنیکٹیوٹی کے مسائل اور ڈیجیٹل آلات تک رسائی میں کمی نے ریموٹ لرننگ کی کوششوں کو شدید متاثر کیا ہے۔تحقیق سے معلوم ہوا کہ طلبہ اور اساتذہ میں رابطے کا فقدان، عام حالات میں اور اس کے برعکس، بچوں بالخصوص نوجوان طلبہ کے سیکھنے کے عمل میں کامیابی کے حوالے سے مضبوط پیش گوئی کرتا ہے۔تاہم سرویز سے معلوم ہوا ہے کہ سکول بند ہونے کے بعد زیادہ تر طلبہ اپنے اساتذہ سے بہت کم یا بالکل رابطے میں نہیں ہیں۔بچوں میں سیکھنے کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے یونیسف نے حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پرسکول کھولیں جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ اگر ریموٹ لرننگ ضروری ہے تو بچے معیاری تعلیم حاصل کریں۔

یونیسف سروے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -