شہر کے گنجان آبادرہائشی علاقہ ڈبگری میں سرگرم چور گرفتار
پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ شاہ قبول پولیس نے ڈبگری اور ملحقہ علاقوں میں سرگرم چور کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم کا تعلق محلہ ستار شاہ باچاسے ہے جو گھروں کی دیوار پھلانگ کر گھروں سے چوریاں کرنے میں ملوث ہے، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیاہے جس کے قبضہ مسروقہ پانچ عدد قیمتی موبائل فونز اور ہزاروں روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں جس سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق مدعی حمید ولد محمد سکنہ محلہ قوت اسلام نے تھانہ شاہ قبول پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ اپنے گھر میں محو خواب تھاکہ اس دوران کسی نامعلوم ملزم نے اس کے گھر سے پانچ عدد موبائل فونز اور ہزاروں روپے نقد چوری کر لئے ہیں جس کی رپورٹ پر تفتیش شروع کر دی گئی ایس ایچ او تھانہ شاہ قبول حسن خان نے دوران تفتیش متعدد جرائم پیشہ اور منشیات کی لت میں مبتلا افراد کی کڑی نگرانی شروع کی جسکے دوران گھروں سے چوریاں کرنے والے ملزم کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ملزم عظمت ولد شاکر کو گرفتار کر لیا جس کا تعلق اندرون شہر کے مشہور محلہ ستار شاہ باچا سے ہے، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران مختلف گھروں سے چوریاں کرنے کا اعتراف کر لیا ہے جس کے قبضہ سے پانچ عدد مسروقہ موبائل فونز اور ہزاروں روپے نقد برآمد کر لئے ہیں جس سے دوران تفتیش مزید انفارمیشن کی توقع کی جا رہی ہے۔