فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، خواجہ سعد رفیق کی تنقید کا کرارا جواب 

فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، خواجہ سعد رفیق کی تنقید ...
فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا ، خواجہ سعد رفیق کی تنقید کا کرارا جواب 
سورس: File Photo

  

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے نام پر ڈاکوؤں کے ٹولے نے ملک کو لوٹنے اور اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہ کیا، آج جب یہ اقتدار سے باہر ہیں تو انہیں ملکی فلاح و بہبود کا ہر کام ایک سازش نظر آتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تین سال سے ملک بھر میں جاری ترقی و خوشحالی کے سفر کو کوئی ’ساون کا اندھا ‘ ہی سازش کہہ سکتا ہے،جس جماعت کے سارے قائدین اپنے دورِ حکومت میں کی گئی بے مثال کرپشن پر کیسز بھگت رہے ہوں، انہیں چاہیے کہ اب وہ اپنے حصے کی رسوائی اور جگ ہنسائی کو بھی خاموشی سے برداشت کریں۔

فیاض الحسن چوہان نے رانا ثناء اللہ کے بیانات کے جواب میں کہا کہ تمام ن لیگی قائدین اپنی اپنی پیشیوں کے موقع پر چند سو افراد اکٹھے کر کے یہ سمجھتے ہیں کہ عوام کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں، حالانکہ انہیں جان لینا چاہیے عوام ان کا تماشہ دیکھنے آئی ہے، ملک کو تباہ و برباد کر کے حکومت پاکستان تحریک انصاف کے حوالے کرنے والے شاید یہ ہضم نہیں کر پا رہے کہ آج عالمی سطح پر پاکستان ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -