اداروں کے کہنے پر نام پی سی ایل میں ڈالتے ہیں،ڈی جی امیگریشن کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں جواب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف کا نام پی سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر ڈی جی امیگریشن نے کہاکہ عمومی طور پر اداروں کے کہنے پر نام پی سی ایل میں ڈالتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی ایم این اے مبین عارف کا نام پی سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس بابرستار نے کیس کی سماعت کی،مبین عارف کی جانب سے وکیل رضوان اختر اعوان عدالت پیش ہوئے، ڈی جی امیگریشن اینڈپاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی اورایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈی جی امیگریشن نے کہاکہ عمومی طور پر اداروں کے کہنے پر نام پی سی ایل میں ڈالتے ہیں،عدالت نے استفسار کیاکہ کس قانون کے تحت آپ نام لسٹ میں ڈالتے ہیں،ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے کہاکہ رولز 22کے تحت ہم نام لسٹ میں ڈالتے ہیں،عدالت نے استفسار کیا کہ یہ وفاق کا دائرہ اختیار ہے آپ کیسے استعمال کرتے ہیں؟ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے اختیار تفویض کیا ہے، رولز میں لکھا ہے۔