امیر بالاج قتل کیس:طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول اشتہاری قرار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورکی سیشن کورٹ نے امیر بالاج قتل کیس کا چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج اسد حفیظ کی عدالت میں ارسال کردیا ۔
چالان سماعت کیلئے ایڈیشنل سیشن جج اسد حفیظ کی عدالت میں بھیجا گیا، عدالت نے کیس میں ملزم ہارون اور سہیل محمود کو حاضری کے لیے طلب کرلیا جبکہ چالان میں طیفی بٹ، گوگی بٹ اور بلاول کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔احسن شاہ اور مظفر کے ہلاک ہونے کی رپورٹ بھی چالان کے ساتھ منسلک کر دی گئی ۔ مجموعی طور پر تین ملزمان اور امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب سمیت 36 گواہوں کو نامزد کیا گیا۔ چوہنگ پولیس نے امیر بالاج کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
پولیس کے مطابق امیر بالاج کے قتل کے بعد لاہور میں گینگ وار کا نیا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس میں اب تک ٹیپو ٹرکاں والا، احسن شاہ اور جاوید عرف طیفی بٹ کو فائرنگ کر کے قتل کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔