ڈاکٹروں نے 70 سالہ مریض کے پتے سے 6 ہزار سے زائد پتھر نکال لیے
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے کوٹا میں ڈاکٹروں نےآپریشن کرکے 70 سالہ مریض کےپتےسے 6 ہزار 110 پتھر نکال لیے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق70 سالہ بزرگ کو گزشتہ ڈیڑھ سال معدے میں درد، گیس اور متلی جیسی شکایات تھیں اور اس کے لیے کوٹا میں ہی ایک نجی ہسپتال میں علاج کروایا تھا اور انہیں آپریشن کا مشورہ دیا گیا تھا،رپورٹ میں بتایا گیا کہ 6 ستمبر کو بزرگ کے پتے کا ٹیسٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ پتے کا حجم 12×4 سینٹی میٹر ہے اور پورا پتا پتھروں سے بھرا ہوا ہے اور اس کی وجہ سے انہیں درد ہو رہا ہے اورہسپتال کے سرجن ڈاکٹردنیش جندال نے بتایا کہ بزرگ کو ہونے والے درد کی بنیادی وجہ بھی یہی تھی،ڈاکٹر دنیش جندال نے بتایا کہ پتے کی معمول کی جسامت 7×4 سینٹی میٹر ہوتی ہے اور جو بزرگ کے پتے کی جسامت تھی اس حالت میں آپریشن خطرناک ہوتا ہے، اگر خدانخواستہ پتے میں سوراخ ہوجائے تو پتھر پورے پیٹ میں پھیل جاتے ہیں اور انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈوبیگ کا استعمال کرتے ہوئے پتا نکال لیا گیا ہے اور عمل میں تقریباً 30 سے 40 منٹ کا وقت لگا، پتا نکالنے کے بعد کھول دیا گیا تو پتہ چلا اتنے سارے پتھر پڑے ہوئے ہیں،بزرگ کو پتے کے آپریشن کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیاہے۔