ایرانی صدر کا پہلا غیر ملکی دورہ،بغداد پہنچ گئے
بغداد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران کے صدر مسعود پزشکیان پڑوسی ملک عراق کے3 روزہ دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے،منصب صدارت سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔
عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بغداد کے ہوائی اڈے پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایرانی صدر نے بغداد کے ہوائی اڈے سے مقتول ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی ابو مہدی المہندس کے مزارات پر حاضری دی۔
عراقی وزیراعظم کے آفس کے مطابق وزیراعظم السوڈانی نے ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ پہنچنے والے وفد کے ساتھ جامع مذاکرات کیے، جس کے بعد صدر پزشکیان اور السوڈانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے 14 معاہدوں پر دستخطی تقریب میں شرکت کی۔
معاہدے ٹیکس تعاون، زراعت، قدرتی وسائل، اطلاعات، سماجی تحفظ، یوتھ اور سپورٹس، تعلیم، سیاحت، ثقافت، تاریخی نوادرات کی پیشہ وارانہ تعلیم اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر مشتمل ہیں۔
ایران کے صدر عراق کے صدر عبداللطیف رشید، قومی اسمبلی کے سپیکر محسن مندلاوی اور بعض سیاسی سربراہان کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔3 روزہ دورے کے دوران وہ نجف، کربلا، بصرہ اور اربیل بھی جائیں گے.