اسامہ قادری نے سندھ اولمپکس کا اجلاس ہفتے کوطلب کرلیا

اسامہ قادری نے سندھ اولمپکس کا اجلاس ہفتے کوطلب کرلیا

 کراچی (آن لائن)قومی اسپورٹس پالیسی کے تحت پاکستان اسپورٹس بورڈ کی قائم شدہ نو منتخب سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر اسامہ قادری نے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کا جنرل کونسل کا اجلاس اگلے ہفتے طلب کرلیا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے جن میں نیشنل گیمز میں شرکت ، سندھ گیمزاور سندھ بیچ گیمز کی منظوری دی جائیں گی اس کے ساتھ ساتھ مزید اسپورٹس تنظیموں کے الحاق کی درخواست پر بھی نظرثانی اور غیر آئینی ایسوسی ایشنز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ حکام کے مطابق ذاتی مفادات کے تحت چند مفاد پرست عناصر سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں سے بھی انکار کررہے ہیں جب کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اور سندھ اسپورٹس بورڈ کی حیثیت کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کر رہے ہیں اس لئے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور سندھ اسپورٹس بورڈ ان مفاد پرستوں کو مختلف پروگراموں کے سلسلے میں دیئے گئے کروڑوں روپے کے فنڈ کا حساب طلب کرے تاکہ ان کی کرپشن قوم کے سامنے آسکے اور ان کو قرار واقعی سزا بھی مل سکے ۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ میں تمام اسپورٹس کی تنظیمیں قومی اسپورٹس پالیسی اور سپریم کورٹ کے احکامات مانتے ہوئے اپنی پالیسیوں کو ترتیب دیں تاکہ حکومتی رٹ قائم ہوسکے۔ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق قومی اسپورٹس پالیسی کے اطلاق کو ہرسطح پر یقینی بنایاجائے اور ان مفاد پرست عناصر کو جو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی