انگلش بورڈ کا ویسٹ فیلڈ کیخلاف مقدمہ دائر کرنیکا فیصلہ

انگلش بورڈ کا ویسٹ فیلڈ کیخلاف مقدمہ دائر کرنیکا فیصلہ

کراچی(آن لائن)پاکستان کے ٹیسٹ لیگ اسپنر دانش کنیریا کو اپنی تاحیات پابندی کے دفاع کے لئے 22 اپریل کو انگلش کرکٹ بورڈ کے سامنے پیش ہونا ہے۔ اس کیس میں مرون ویسٹ فیلڈ کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے انگلش بورڈ نے لندن ہائیکورٹ میں ویسٹ فیلڈ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 22اپریل کی سماعت میں ایسیکس کاﺅنٹی کے سابق کھلاڑی پیش ہو سکیں۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں دانش کنیریا کو تاحیات پابندی کا سامنا ہے جبکہ ویسٹ فیلڈ کو 5 سال کی سزا ہوئی ہے۔ دانش کنیریا کے وکیل فروغ نسیم ویسٹ فیلڈ سے جرح کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ویسٹ فیلڈ ای سی بی کے ٹریبونل کے سامنے پیش ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ ویسٹ فیلڈ کے وکیل یاسین پٹیل ہیں جو اسپاٹ فکسنگ کے ایک اور کیس میں سلمان بٹ کے بھی وکیل رہ چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ای سی بی لندن ہائیکورٹ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ویسٹ فیلڈ پیش ہوں ورنہ دانش کنیریا کو ان کی عدم موجودگی کا فائدہ مل سکتا ہے اور وہ بری ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب ان کے وکیل یاسین پٹیل کا کہنا ہے کہ ویسٹ فیلڈ ذہنی دبا کا شکار ہے۔ ویسٹ فیلڈ کہتے ہیں کہ انہوں نے جو بیان دینا تھا ایک بار دے دیا اب وہ ٹریبونل کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی