بلال گنج میں روڈ بجلی کی بے ہنگم لٹکی تاریں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ووٹر ما یوس

بلال گنج میں روڈ بجلی کی بے ہنگم لٹکی تاریں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ووٹر ...
بلال گنج میں روڈ بجلی کی بے ہنگم لٹکی تاریں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ووٹر ما یوس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                   لاہور (بابر بھٹی/ الیکشن سیل) گنج بخش روڈ پر واقع لٹکتی خطرناک تاریں، پانی بجلی اور گیس کی بندش، ترقیاتی کاموں کے نہ ہونے، سیوریج کے بند ہونے پر لوگوں نے حالات کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیااور آنے والے امیدواروں کے لئے مطالبات کے انبار لگ گئے۔ بیلٹ پیپر خالی خانہ ختم نہیں کرنا چاہئے تھا تاکہ حکومت کو بخوبی اندازہ ہوجاتا کہ عوام اس حکومت سے کس قدر نالاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق اعوان سٹریٹ کے رہائشی عرفان الحق نے بتایا کہ یہاں ان بجلی کی خطرناک لٹکتی تاروں کی وجہ سے ایک ماہ قبل دکان میں آگ لگ گئی تھی جس پر بڑی مشکل سے قابو پایا گیا تھا اس کے باوجود واپڈا کے ملازمین ایک بار بھی ان تاروں کو ٹھیک کرنے کے لئے نہیں آئے محمد رفیق نے بتایا کہ بجلی کی تاروں کی سہرا بندی کوختم کروایا جائے کیونکہ ان سے جانی نقصان ہونے کا خدشہ بہت زیادہ ہے ہر گھر کے دروازے کے عین اوپر کبھی بھی کوئی حادثہ رونما ہوسکتا ہے ان تاروں کے بارے میں واپڈا والوں کو تحریری درخواست بھی کی تھی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی بارش کے دنوں میں گھروں کی دیواروں میں بھی کرنٹ آجاتا ہے جوکہ خطرناک ہے بار بار شکایت کرکے تھک گئے ہیں اب ہم نے اپنے تمام معاملات خدا پر چھوڑ دیئے، وہی ہمارے بچوں اور گھر والوں کی حفاظت کرے گا۔ میاں ہارون نے بتایا کہ یہاں ایک دو مسائل ہوں تو آپ سے بات بھی کی جائے یہاں تو مسائل کے انبار لگے ہیں صفائی کا کوئی بندوبست نہیں ، سینیٹری ورکر کئی کئی دن یہاں جھاڑو نہیں لگاتا یہاں سیوریج ہر دوسرے دن بند رہتا ہے عبداللہ علی نے بتایا کہ یہاں کی سڑکیں شاید 10 سال قبل بنی ہوں گی جو مشر ف دور کے ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے بنوائی تھیں اس کے بعد آج تک نہیں بنیں اور نہ ہی ان کے بعد کسی بھی ایم پی اے نے چکر لگایا ہے اس مرتبہ الیکشن میں ووٹ کاسٹ نہیں کروں گا۔