امریکا کا شامی حزب اختلاف کے لیے امداد بڑھانے پر غور

امریکا کا شامی حزب اختلاف کے لیے امداد بڑھانے پر غور

دبئی/لندن(آن لائن) امریکا شامی حزب اختلاف کی امداد بڑھانے پر غور کررہا ہے جبکہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور جی ایٹ کے دوسرے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شامی باغیوں کے لیڈروں سے ملاقات کرینگے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرخارجہ کی میزبانی میں لندن میں منعقدہ جی ایٹ کے وزرائے خارجہ کے دوروزہ اجلاس میں شامی بحران پر غور کیا جائے گا اور توقع ہے کہ اس کے بعد ایک سخت بیان جاری کیا جائے گا،امریکی وزیر خارجہ جان کیری اس اجلاس کے موقع پر شامی حزب اختلاف کے نامزد کردہ وزیراعظم غسان ہیتو اور ان کے قومی اتحاد کے دوسرے لیڈروں سے ملاقات کرنے والے ہیں۔قبل ازیں امریکی انتظامیہ کے ایک اعلی عہدے دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا ہے کہ '' امریکا شام میں خوف ناک صورت حال کے خاتمے کے لیے ہر روز ہی اقدامات پر غور کررہا ہے اور اس کا مقصد شام میں ایسی حکومت کا قیام ہے جو عوام کی حقیقی نمائندہ ہو''۔واضح رہے کہ اب تک امریکا خانہ جنگی سے متاثرہ شامی عوام کو امداد دینے والا بڑا ملک ہے اور اس نے اقوام متحدہ کے اداروں اور ڈونر ایجنسیوں کے تحت شامیوں کو انسانی امداد کی مد میں ساڑھے اڑتیس کروڑ ڈالرز کی رقم دی ہے۔اس کے علاوہ وہ شامی باغیوں اور جنگجوو¿ں پر مشتمل جیش الحر کو ساڑھے گیارہ کروڑ ڈالرز مالیت کے غیر مہلک آلات ،خوراک اور ادویہ مہیا کر رہا ہے۔

مزید : عالمی منظر