بسنت کیخلاف فیصلے موجود ہیں ، نگران حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی : لاہورہائیکورٹ

بسنت کیخلاف فیصلے موجود ہیں ، نگران حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی : ...
بسنت کیخلاف فیصلے موجود ہیں ، نگران حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی : لاہورہائیکورٹ

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہورہائیکورٹ نے نگران صوبائی حکومت کی طرف سے ممکنہ طور پر بسنت منانے کے اعلان کیخلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے قراردیاہے کہ بسنت کے نام پر پتنگ بازی کیخلاف متعدد عدالتی فیصلے موجود ہیں اور امید ہے کہ نگران حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرے گی ۔ چیف جسٹس عمرعطاءبندیال نے نگران حکومت کی طرف سے بسنت منانے کے اعلان کیخلاف درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیاکہ پتنگ بازی سے متعددمعصوم انسان جاں بحق ہوچکے ہیں ، ابھی بسنت کا باضابطہ نوٹیفکیشن نہیں ہوا لیکن ایک شخص جاں بحق اور متعددزخمی ہوچکے ہیں ، گذشتہ حکومت نے پابندی عائد کررکھی تھی لیکن نگران حکومت کی طرف سے بسنت کے نام پر پتنگ بازی کا اعلان جاں بحق افراد کے ورثاءکے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔ فاضل عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ بسنت کیخلاف عدالتی فیصلے موجود ہیں ، امید ہے اچانک نوٹیفکیشن جاری کرکے نگران حکومت عدالتی فیصلوں پر شب خون نہیں مارے گی ۔

مزید : لاہور /اہم خبریں