جمشید دستی جیل سے رہا آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان عدلیہ نے انصاف کے تقاضے پورے کئے

جمشید دستی جیل سے رہا آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان عدلیہ نے انصاف کے تقاضے پورے ...

                    ملتان/مظفر گڑھ ( آئی این پی ) جعلی ڈگری کیس میں رہائی پانے والے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے این اے 177 اور 178 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا مقابلہ ان فرعونوں اور جاگیر داروں سے ہے جنہوں نے مظفر گڑھ میں65سالوں سے ظلم کا بازار گرم کررکھا ہے،والدہ اور دوستوں کے اصرار پر انتخابات میں حصہ لوں گا ، آزاد عدلیہ نے سو فیصد انصاف کے تقاضے پورے کیے ،انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وہ جمعرات کو جعلی ڈگری کیس میں لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کی طرف سے سزاکالعدم ہونے کے بعد سنٹرل جیل سے رہائی کے موقع پر میڈیا اور بعد ازاں مظفر گڑھ پہنچنے پر اپنے حامیوں سے خطاب کررہے تھے ۔ حامیوں کی بڑی تعداد نے جمشید دستی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔ جمشید دستی کے حامیوں کی بڑی تعداد سنٹرل جیل کے باہر ان کے لئے منتظر تھی جونہی سابق ایم این اے باہر آئے تو حامیوں کی جانب سے ان پر پھولوں کی پتیاںنچھاور کی گئیں جبکہ ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیاگیا ۔ وا ضح ہے کہ جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ مظفرگڑھ نے3سال قید اور5ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔ جس کے بعد جمشید دستی نے سزا کے خلاف لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں اپیل دائر کی تھی اور الیکشن ٹربیونل کے سامنے پیش ہوئے تھے اور وہاں پر ان کی سزا کو معطل کیاگیا تھا ۔ سابق ایم این اے جمشید دستی نے جعل سے رہا ہونے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں آزاد عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے سو فیصد انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ ان فرعونوں اور جاگیر داروں سے ہے جنہوں نے مظفر گڑھ میں65سالوں سے ظلم کا بازار گرم کررکھا تھا اور میں نے موت کو عوام کے لئے گلے لگایا ۔ ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ میں نے الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اس لئے کہاتھا کہ جب ہر طرف ظلم کے سائے تھے اور میرے راستے روکنے کی کوشش کی گئی تو میں بہت مایوس ہوا لیکن میری والدہ اور دوستوں نے پرزور اصرار کیا کہ آپ کو ہمت نہیں ہارنی چاہےے اور آپ کو مخالفین کا مقابلہ کرنا چاہےے ۔ تومیں نے اپنی ماں کے حکم ،غریب دوستوں اور غریب مزدوروں کی آواز پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیاکیونکہ 65سالوں کے بعد ایک واحد آدمی میں تھا جس نے غریبوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھا ئی اور میں اپنے مخالفین کو واضح کردوں کہ میں این اے 177اور این اے 178سے دونوں حلقوں سے آزاد الیکشن لڑوں گا۔

جمشید دستی

مزید : صفحہ اول