حساس پولنگ سٹےشنوں کی نشاندہی کر لی ویڈیو لیمروں کے زریعے نگرانی کی جائے گی

حساس پولنگ سٹےشنوں کی نشاندہی کر لی ویڈیو لیمروں کے زریعے نگرانی کی جائے گی ...

              لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ معاشی، سماجی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن بے حد ضروری ہے، معاشرے میں امن کے بغیر سرمایہ کاری فروغ پاتی ہے اور نہ ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں‘ انتخابات کا شفاف اور پرامن ماحول میں انعقاد نگران حکومت کی پہلی ترجیح ہے یہی وجہ ہے کہ نگران حکومت نے امن و امان کی صورتحال کی بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے ہیں‘صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ‘ قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہے کیا جا رہا ہے‘ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ وہ جمعہ کے روز ایوان وزیراعلیٰ میں امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویز، سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے باہمی مشاورت سے ٹھوس لائحہ عمل وضع کیا گیا ہے۔ سیاسی شخصیات، انتخابی ریلیوں اور جلسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دوران پرامن اور سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی آزادانہ طور پر استعمال کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان پولنگ سٹیشنوں کی ویڈیو کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کئے جانے والے پولیس اہلکاروں کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کو ہرممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض دیانتداری اور محنت سے سرانجام دے۔ جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے ہدایت کی کہ سماج دشمن عناصر اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں مذہبی رواداری، تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیا جائے ۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علماءکرام و مشائخ عظام کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ علماءاپنی تقاریر میں امن، بھائی چارے اور رواداری کا پرچار کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت امن و امان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے یہی وجہ ہے کہ صوبہ بھر میں امن و امان کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہےں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے وضع کئے گئے لائحہ عمل پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے ایوان وزیراعلیٰ میں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران عوام تک اطلاعات کی رسائی میں ریڈیو پاکستان کے کردار کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا کہ ریڈیو ابلاغ عامہ کا مو¿ثر ذریعہ ہے۔ جدید دور میں بھی ریڈیو کے کردار کو کسی طور پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو ان دور دراز علاقوں تک عوام کو اطلاعات کی فراہمی یقینی بناتا ہے جہاں دوسرے ذرائع ابلاغ نہیں پہنچ سکتے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانا ہے‘ انتخابات کے منصفانہ اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے‘ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کے شفاف انعقاد کی قومی ذمہ داری کوبطریق احسن نبھائے گی ‘نگران صوبائی وزراءعام انتخابات کے غیرجانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایوان وزیراعلیٰ میں صوبائی وزیرکوآپریٹو، توانائی ، صنعت اور ٹرانسپورٹ عارف اعجاز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا کہ نگران حکومت عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی وزراءاپنے دفاتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں اور ان کے مسائل کے حل پربھرپور توجہ دیں۔

نجم سیٹھی

مزید : صفحہ اول