تحرےک انصاف شےخوپورہ کے عمر آفتاب ڈھلوں نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کر دےا

تحرےک انصاف شےخوپورہ کے عمر آفتاب ڈھلوں نے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کر دےا

مریدکے(نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف ضلع شیخوپور ہ کے سینئر نائب صدر عمر آفتاب ڈھلوں نے اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے الگ پینل کے ساتھ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جی ٹی روڈ مریدکے پر سابق سٹی نائب ناظم حاجی مرتضی سرویا، مسلم لیگ (ق) کے سابق امیدوار چودھری ساجد بشیر بٹر، چودھری شاہد بشیر بٹر، چودھر ی آفتاب اقبال ڈھلوں،چودھری خالد محمود ڈھلوں، چودھری تنویر چیمہ ، سید حسنات علی گیلانی ، سیف اللہ چھینہ ، حاجی سیف الرحمان ، عامر حیات پنوں کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے چودھری عمر آفتاب ڈھلوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین نے اقربا پروری اور پسند نا پسند کے فارمولے کے تحت ٹکٹ تقسیم کرکے نہ صرف پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا ہے بلکہ خدمات کو پس پشت ڈال کر مخلص کارکنوں کی حوصلہ شکنی کی گئی ہے۔ انہوںنے اعلان کیا کہ وہ صوبائی حلقہ پی پی162 میں سابق ایم پی اے چودھری اعجاز احمد سیہول کے ہمراہ اپنے آزاد پینل کے ہمراہ انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے جبکہ صوبائی حلقہ پی پی163کے امیدوار کا اعلان دو روز تک کر دیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ وہ عوام کی خدمت، پاکستان سے محبت، سرکاری فنڈز کے بلا تفریق خرچ اور اپنے حلقہ کے عوام کی عزت کی بحالی کے منشور کے تحت انتخاب لڑ کر عوام کی نمائندگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ کامیابی کے بعد سیاسی پارٹی میں شامل ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کسی صورت پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہوں گے تا ہم اپنے حلقہ کے مفادات کی خاطر دوسری سیاسی پارٹیوں سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ تحصیل مریدکے کے عوام سرکاری فنڈز کی لوٹ کھسوٹ اور غنڈہ گردی کی سیاست کو ترک کرکے ایماندار اور مخلص قیادت کو منتخب کرنا چاہتے ہیں اور اسی عوام کے پر زور مطالبہ پر وہ سیاسی میدان میں کود پڑے ہیں۔ عمر ڈھلوں نے کہا کہ تحصیل مریدکے کے نائب صدر قاسم منظور بھلہ سمیت انٹرا پارٹی الیکشن میں انہیں کامیابی سے ہمکنار کرنے والے تمام عہدیداران اور کارکن بھی پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں مزید رہنما مفاد پرستوں کی پارٹی کو خیر باد کہہ کر آزاد پینل کی حمائت میں نکل کھڑے ہوں گے۔پریس کانفرنس نے ایک بہت بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر لی اور کارکن پر جوش انداز میں نعرے بازی کرکے اپنے قائدین پر اعتماد کا اظہار کرتے رہے۔

آزاند الیکشن

مزید : صفحہ آخر