کاغذات کی جانچ پڑتال سے قبل واجبات ادا کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت

کاغذات کی جانچ پڑتال سے قبل واجبات ادا کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی فل بینچ نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ اگر نادہندہ امیدوار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سے پہلے اپنے ذمہ واجبات ادا کر دے تو کیا اس پرآرٹیکل تریسٹھ کا اطلاق ہو گا یا نہیں۔فاضل بینچ نے یہ حکم ایک امیدوار کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سے قبل واجبات ادا کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا۔ درخواست گزار رانا جاوید ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ریٹرننگ افسر نے پی پی 174 سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار جمیل حسن خان کے کاغذات نامزدگی نادہندہ اور دہری شہریت رکھنے کے باوجود منظور کر لئے۔جمیل حسن کے وکیل نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ذمہ تمام واجبات ادا کر دئیے ہیں اسی بناءپر ریٹرننگ افسر نے انکے کاغذات منظور کئے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ امیدوار نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خوف سے واجبات ادا کئے اسے اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا نہیں کیا گیا۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت بارہ اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔

مزید : صفحہ آخر