سازشوں کے باوجود عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، منظور وٹو

سازشوں کے باوجود عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، منظور وٹو

لاہور (سپیشل رپورٹر)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو اور پیپلز پارٹی پنجاب کے دیگر عہدیداروں نے -حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی کے امیدوار فخر الاسلام کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرونی و بیرونی سازشوں کے باوجود عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور جمہوریت کا راستہ روکنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی - انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے آلہ کار دہشتگرد اور غیر جمہوری عناصر منفی ہتھکنڈوں سے جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے درپے ہیں ، - انہوں نے کہاکہ عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ کسی بھی قیمت پر جمہوریت اور جمہوری اداروں کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے - انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری تسلسل کے لئے قربانیاں دیتی رہی ہے اور اب بھی جمہوری استحکام کے لئے کوشاں ہے - اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں جنرل سیکرٹری تنویر اشرف کائرہ ، نائب صدر عزیز الرحمان چن ، طارق گجر ،ترجمان پی پی پی پنجاب منیر احمد خان ،سیکرٹری اطلاعات و نشریات راجہ عامر خان ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری دیوان محی الدین اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عمر شریف بخاری نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے امیدوار سندھ اسمبلی شہیدفخر الاسلام کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے قلع قمع کا عزم کیا ہے ، انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

منظور وٹو

مزید : صفحہ آخر