انتخابات سے عوام کی حالت مزید بگڑے گی، حمید گل

انتخابات سے عوام کی حالت مزید بگڑے گی، حمید گل

اسلام آباد (ثناءنیوز) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل نے کہا ہے کہ انتخابات ایک ڈھونگ ثابت ہوں گے جس سے کوئی بامعنی تبدیلی نہیں آئے گی اور ملک و عوام کی حالت مزید بگڑے گی۔ عوام مغربی جمہوریت کے ظالمانہ نظام کو رد کردیں کیونکہ اسلامی فلاحی نظام ہماری منزل ہے جس کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ جنرل حمید گل نے یہ بات فکر فرد فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹرمرتضیٰ مغل، تحریک نوجوانان پاکستان کے صدر عبداللہ گل ، پنجاب فورم کے صدر بیگ راج، حسن بن داﺅد، عامر محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔ جنرل حمید گل نے کہا کہ الیکشن سے مہنگائی، بےروزگاری اور امن و امان کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور اشرافیہ کے خزانے یونہی بھرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت مغربی سامراج کا ایک آلہ ہے جس کی مدد سے دنیا پر بالادستی قائم کی ہوئی ہے جس کا انسانیت کی فلاح سے کوئی تعلق نہیں۔ انسانیت کو ایک نئے منصفانہ نظام کی تلاش ہے جس کے لئے اسلام کے نام پر بنایا جانے والے ملک پاکستان موزوں ہے۔ مغربی جمہوریت کی طرح مغربی قانون بھی انصاف دینے میں ناکام ہوچکا ہے جسے جدوجہد کے ذریعے اسلامی نظام سے بدلنا ہوگا۔

حمید گل

مزید : صفحہ آخر