نیشنل فرٹیلائزر کے سابق جنرل مینجر وغیرہ کے خلاف خورد برد کیس کی سماعت ملتوی

نیشنل فرٹیلائزر کے سابق جنرل مینجر وغیرہ کے خلاف خورد برد کیس کی سماعت ملتوی

لاہور(نامہ نگار )احتساب عدالت نے نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ سابق جنرل مینجر(مارکیٹنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن) کامران سعید وغیرہ کے خلاف دائر ایک ارب ساٹھ کروڑ روپے سے زائد کی خورد برد کے کیس کی سماعت 25اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز کامران سعید کی جانب سے دائر درخواست ضمانت کی لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کے باعث کیس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔مذکورہ کیس میں کامران سعید کے علاوہ ریجنل مینجر سید اعجاز حسین بخاری، مارکیٹنگ افسران منیب احمد،فیضان رسول ، عبدالمنان،محمد توصیف،صلاح الدین شاہ،شعیب علی طور اور سلمان خان نیازی ملوث ہیں۔ ملزمان نے ملی بھگت سے 5900میٹرک ٹن یوریا کھاد گزشتہ تاریخوں میں موجودہ قیمتوں سے کم قیمت پر فروخت کرکے سرکاری خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کانقصان پہنچایا تھا۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے ہمیش خان وغیرہ کے خلاف دائر گیارہ ارب روپے سے زائد بینک آف پنجاب فراڈ ریفرنس کی سماعت 12اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز استغاثہ کے گواہ کی عدم حاضری کی بناپر ریفرنس میں کوئی پیشرفت نہ ہو سکی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4