ہندوستان کشمیریوں کے خلاف ہر جگہ برسرِ جنگ ہو گیا ہے ،سید علی گیلانی
سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے گھر میں ہوں یا بھارت کے کسی مقام پر ہوں وہ کسی بھی جگہ محفوظ نہیں اورِ ہندوستان ان کے خلاف برسرِ جنگ ہے۔ علی گیلانی نے کپرن ویری ناگ میں فوج کے چھاپے کے دوران ایک شخص کی موت واقع ہوجانے اور جالندھر پنجاب میں کپوارہ کے ایک شہری کی پراسرار موت پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کپرن ویری ناگ میں معمر شخص کے قتل میں بھارتی فوج براہِ راست طور ملوث ہے، جبکہ جالندھر شہر میں 32سالہ کشمیری کی ہلاکت کے بارے میں ابھی تک حکومت کی طرف سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ یہ کیسے اور کن حالات میں ہوئی ہے اور اس کے لیے کون لوگ ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں افسپااور ڈسٹربڈ ائیریا ایکٹ کے نفاذ کی وجہ سے آئین اور قانون عملا معطل ہوکر رہ گیا ہے اور ان قوانین کے سہارے فوج کو قتل کرنے کی کھلی لائسنس حاصل ہے گیلانی نے کپرن ویری ناگ کے شہری اور جالدھر میں قتل ہوئے شخص کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے۔ اس دوران میں تحریک حریت راہنما و ں بشیر احمد قریشی، ڈاکٹر غلام محمد گنائی، قائمقام صدرِ اسلام آباد فیاض احمد اور صدورِ تحصیلات پر مشتمل ایک وفد کپرن ویری ناگ گیا ۔