کراچی ،سعودی عرب جانے والے مسافروں سے منشیات برآمد
کراچی (کرائم رپورٹر) ماڈل کسٹم کلکٹریٹ پروینٹو نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرکے سعودی عرب جانے والے 2مسافروں کے سامان سے ایک کلو 2سو گرام کرسٹل برآمد کرلی ہے ۔پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔یہ بات ایڈیشنل کلکٹر کسٹم اسدرضا رضوی نے پیر کے روز ایئرفلیٹ یونٹ حج ٹرمینل پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوں نے کہا کہ کسٹم پرونیٹو کے عملے نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب دو مختلف مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران یہ منشیات پکڑی جن میں سے ایک مسافر زمان شیر ولد گل فضل عربین ایئرلائن کی فلائٹ G9548سے عمرے کے لیے سعودی عرب جارہا تھا ۔مسافر کو مشکوک دیکھتے ہوئے سامان کی تلاشی لی گئی تو سوٹ کیس کے خفیہ خانوں سے 500گرام کرسٹل برآمد کرلی جبکہ اسی روز 6گھنٹے بعد صوابی سے تعلق رکھنے والے مسافر ابرار حسین ولد حسن فضل کو عربین ایئرلائن کی فلائٹ نمبر G9547سے حراست میں لیا گیا ،ابرار حسین ملازمت کی غرض سے جدہ جارہا تھا اس کے سوٹ کیس سے بھی 700گرام کرسٹل برآمد ہوئی ۔ایڈیشنل کلیکٹر اسد رضا رضوی نے بتایا کہ دونوں کیسوں میں یکسانیت پائی جاتی ہے ۔دونوں کیسوں کی سیزر رپورٹ پر اسمگلنگ ایکٹ اور منشیات کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔