پشاور میٹرو کی ایک ایسی تصویر سامنے آ گئی کہ دیکھ کر پاکستانیوں کو اپنی آنکھوں پر یقین نہ آئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )گزشتہ دور حکومت میں پشاور میں پرویز خٹک نے بطور وزیر اعلیٰ بس ریپڈ ٹرنزٹ منصوبے کا آغاز کیا جس نے چھ ماہ میں مکمل ہونا تھا تاہم وہ ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا ہے اور اس کی لاگت میں بھی بھاری تعداد میں اضافہ ہو چکا ہے ،اس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کی بنیادوں پر کئی قسم کے مسائل کا بھی سامنا رہتاہے اور اب ڈان نیوز نے بی آر ٹی منصوبے کی ایک ایسی تصویر اخبار میں شائع کر دی ہے کہ دیکھ کر پاکستانیوں کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ جائیں گی ۔
انگریزی اخبار ” ڈان نیوز “ نے اپنے پشاور میٹرو کے صفحے پر بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی ایک تصویر شائع کی ہے جسے دیکھ کر ذی شعور انسان کے رونگٹے کھڑے ہونا کوئی غیر معمولی بات نہ ہو گی ۔ اوپر دی گئی تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ انڈر پاس سے کچھ لوگ گزر رہے ہیں اور اس انڈر پاس کے عین درمیان میں ایک بڑا سا پائپ گزر رہاہے اور یہ پائپ دراصل گیس کی مین لائن ہے ۔ یہ انڈر پاس بی آر ٹی منصوبے میں شامل ہے جو کہ لوگوں کو سڑک پارکرنے کی سہولت مہیا کرنے کی غر ض سے بنایا گیا ۔
یہ گیس لائن لوگوں کیلئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے اور مقامی افراد اسے درست کرنے کی استدعا بھی کر رہے ہیں تاہم بی آر ٹی منصوبے پر کام انتہائی سست روی کا شکار ہے اور اس منصوبے کے افتتاح کیلئے دی جانے والی تاریخیں بھی تبدیل ہوتی آ رہی ہیں ۔
یاد رہے کہ پشاور کے بس ٹرانزٹ منصوبے کے ڈیزائن تبدیلی اور لاگت میں اضافے سے متعلق وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ محمود خان نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو انکوائری کی ہدایت کی جس نے اپنی رپورٹ پیش کر دی تھی جس میں انکشاف کیاگیا تھا کہ جلد بازی اور نامناسب منصوبہ بندی سے منصوبہ مسائل کا شکار ہے، لاگت میں اضافہ بھی ڈیزائن کی تبدیلی سے ہواجبکہ رپورٹ میں ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے بی آر ٹی منصوبے کیخلاف نیب میں درخواست جمع کروا دی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، منصوبے کی لاگت ساڑھے 39 ارب روپے رکھی گئی تھی اور تکمیل کی مدت 6 مہینے تھی، منصوبے کی عدم تکمیل سے پشاور کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ منصوبے کی لاگت دگنی ہوکر70 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔
بشکریہ ’’ ڈان نیوز‘‘
اوپر دی گئی تصویر ڈان نیوز کے صحافی عبدالمجیدگورایا کی جانب سے بنائی گئی ہے۔