قرآن مجید نہ پڑھانے والوں کے خلاف کارروائی خوش آئند،احسن محمود

قرآن مجید نہ پڑھانے والوں کے خلاف کارروائی خوش آئند،احسن محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) قرآن مجید نہ پڑھانے والے تعلیمی اداروں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے تادیبی کارروائی خوش آئند اور پاکستانی قوم کے دل کی آواز ہے۔ اس کاروائی پرہم  عدالت عالیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ضروری ہے کہ تمام تعلیمی عدالت کے احکامات کی روشنی میں ناظرہ اور ترجمہ قرآن مجید لازمی پڑھائیں اور قرآن مجید نہ پڑھانے والے اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ناشران قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین سیداحسن محمود شاہ، صدر قدرت اللہ اور سرپرست اعلیٰ حفیظ البرکات شاہ نے کیا۔ 

  

انھوں نے کہا کہ بچوں بچیوں کو قرآن مجید کی تدریس بے حد ضروری ہے اسلئے کہ ہمیں پاکستان قرآن مجید کے صدقے حاصل ہوا تھا یہ قرآن کی برکت تھی کہ جس کے نتیجے میں انگریزوں، ہندؤوں اور سکھوں کی شدیدترین مخالف کے باوجود پاکستان کی صورت میں اپنے وقت کی سب سے بڑی اسلامی سلطنت معرض وجود میں آئی۔ لیکن جب ہم نے قرآن مجید سے بیوفائی کی تو پاکستان دولخت ہوگیا۔اس وقت بھی پاکستان کو درپیش تمام مسائل اور مصائب کا حل صرف یہی ہے کہ تعلیمی اداروں میں بچوں بچیوں کو قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھایا جائے، قرآن کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور اس کے احکامات پر دل وجان سے عمل کیا جائے۔ یہ بات خوش آئند اور قابل صد مبارک ہے کہ جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں عدالت عالیہ نے محکمہ تعلیم کو تعلیمی اداروں میں قرآن مجید کی تدریس کے احکامات جاری کئے ہیں بدقسمتی کی بات ہے کہ کچھ تعلیمی ادارے ابھی تک قرآن مجید پڑھائے جانے کے احکامات کی تعمیل نہیں کررہے جو کہ عدالت عالیہ کے احکامات کی صریحاََ خلاف ورزی ہے۔ محکمہ تعلیم کا بھی فرض ہے کہ انسپکیشن ٹیمیں تشکیل دے اور ایسے تعلیمی ادارے جو ابھی تک قرآن مجید نہیں پڑھا رہے ان کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے۔