عمران خان کی کال پرپوری دنیا میں پاکستانی باہر نکلے، پی ٹی آئی 

عمران خان کی کال پرپوری دنیا میں پاکستانی باہر نکلے، پی ٹی آئی 

  

 اسلام آباد،کراچی (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان کی کال پر پوری دنیا میں پاکستانی باہر نکلے۔تحریک انصاف سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ گزشتہ رات ایک تاریخ رقم ہوئی ہے، عمران خان کی ایک کال پر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مقیم پاکستانی ایک خودار پاکستان کے حق میں باہر نکلے۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈحکومت نامنظور کے نعروں کی صدائیں گونجتی رہیں، تاریخ گواہ رہے گی کہ آپ وہاں موجود تھے اور آپ نے اس ناانصافی کیخلاف علم بلند کیا۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے کہنے پر جان بھی دیں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں سے گفتگو میں زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان اگر استعفے کا کہتے ہیں تو استعفیٰ دیں گے  اور عمران خان اگر جان دینے کا کہتے ہیں تو جان دیں گے۔انہوں  نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے یہاں پہنچی ہوں جہاں کے عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا ہے۔دریں اثناء   سابق وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ کونسا قائد ایوان؟عوام نے تمام سازشیں ختم کر دیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کون سا قائد ایوان؟گزشتہ رات کو عوام نے تمام سازشیں ختم کردی ہیں،جعلی حکومت بھی ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوچ رہا تھا یہ کچھ ہفتے گزارلیں گے کچھ دن بھی نہیں نکال سکے،ذاتی خیال ہے پارلیمنٹ سے استعفے دیکر چلے جانا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ رات کو عوام نے ٹریلر دکھایا فلم ابھی باقی ہے،ہم اپوزیشن میں نہیں آرہے اس ملک میں فارن بیگ ٹو ہوا ہے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ کسی بھی طرح غیر ملکی فنڈڈ حکومت کی تبدیلی کو قبول نہیں کرتے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں پی ٹی آئی رہنما علی حیدر زیدی نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی کوبھیج دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح غیر ملکی فنڈسے حکومت کی تبدیلی کو قبول نہیں کرتے، پاکستان کی خودمختاری کی جنگ کا فیصلہ لٹیرے نہیں عوام سڑکوں پر کریں گے۔

پی ٹی آئی

مزید :

صفحہ آخر -