شہر میں الخدمت کے 50واٹرفلٹریشن پلانٹس کا م کر رہے ہیں،نوید بیگ 

شہر میں الخدمت کے 50واٹرفلٹریشن پلانٹس کا م کر رہے ہیں،نوید بیگ 

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کے”کلین واٹر پروجیکٹ“ کے تحت شہرکے مختلف علاقوں میں 50واٹر فلٹریشن پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں۔ تمام پلانٹس کے ذریعے شہریوں کو عالمی معیار کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ بات چیف ایگز یکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے اپنے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی زندگی ہے،آلودہ پانی مضر صحت ہے، اس سے پیٹ کے امراض جنم لیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یومیہ ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے استفادہ کر رہے ہیں،جبکہ الخدمت کی واٹر موبائل وین شہر کے مختلف علاقوں میں رش والی جگہوں پر موجود رہتی ہے، جہاں سے لوگوں کوپینے کا ٹھنڈا اور صاف پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔الخدمت کے تحت پی آئی بی میں ایک واٹرٹیسٹنگ لیب بھی قائم ہے۔جہاں باقاعدگی سے پانی کے معیار کو چیک کیا جاتا ہے،کسی بھی پلانٹ کی خرابی کی صورت میں ماہر تکنیکی ٹیم بھی موجود ہے۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے جاپان حکومت کے تعاون سے کئی واٹر فلٹریشن پلانٹس سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان دور میں نصب کیے تھے،الحمد اللہ وہ آج بھی آپریشنل ہیں اور بہترین انداز میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔الخدمت نے شہر میں چار مقامات پرواٹر ڈسپنسنگ مشین(اے ڈی ایم) کا آغاز کیا ہے،جس کے ذریعے سے 24گھنٹے پانی حاصل کیا جا سکتا ہے،تاہم یہ سروس پورے شہر میں شروع کر یں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہر کو پینے کا صاف اور معیاری پانی دستیاب ہو۔اسی سوچ کے تحت ہم یہ کام کر رہے ہیں۔ شہرمیں صاف پانی کے مسائل ہیں اور 3کروڑ آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ الخدمت چاہتی ہے کہ شہر کے کونے کونے میں پینے کے صاف پانی کی سہولت پہنچائیں،تاہم الخدمت اپنے وسائل کے مطا بق شعبے میں کام کر رہی ہے۔ اہل خیر اس سلسلے میں الخدمت سے تعاون کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -