یوکرینی لڑکی جنگ سے جان بچا کر بھارت پہنچ گئی، بھارتی لڑکے سے شادی کرلی

یوکرینی لڑکی جنگ سے جان بچا کر بھارت پہنچ گئی، بھارتی لڑکے سے شادی کرلی
یوکرینی لڑکی جنگ سے جان بچا کر بھارت پہنچ گئی، بھارتی لڑکے سے شادی کرلی

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کی طرف سے یوکرین پر جنگ مسلط کیے جانے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں یوکرین سے لوگ جان بچا کر فرار ہوئے۔ 30سالہ اینا ہوردیستسکا نامی لڑکی بھی انہی میں سے ایک ہے جو جنگ مسلط ہونے پر فرار ہو کر بھارت میں اپنے بوائے فرینڈ کے پاس چلی آئی اور دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق اینا نے یوکرین سے فرار ہوتے وقت چند جوڑے کپڑے اور ایک کافی مشین اپنے ساتھ لی اور 17مارچ کو دہلی ایئرپورٹ پر لینڈ کر گئی جہاں اس کے 33سالہ بوائے فرینڈ انوبھوو بھاسین نے اس کا استقبال کیا۔ 

انوبھوو پیشے کے اعتبار سے وکیل ہے۔ وہ دونوں گزشتہ ڈیڑھ سال سے ڈیٹنگ کر رہے تھے۔ ایئرپورٹ پر ہی انوبھوو نے اینا کو شادی کی پیشکش کر دی، جسے اس نے قبول کر لیا اور گزشتہ روز دہلی میں مختصر سی تقریب میں وہ رشتہ ازدواج میں بند گئے۔ اینا کے پاس ایک سال کا بھارتی ویزہ ہے ۔ اس نے ویزے میں بھارت جانے کی وجہ ہی انوبھوو کے ساتھ شادی بتائی تھی۔ گویا اس نے اپنی محبت کے لیے جنگ سے فرار اختیار کیا اور اپنا ملک چھوڑ کر بھارت چلی آئی۔ 

رپورٹ کے مطابق اینا اور انوبھوو کی ملاقات اگست 2019ءمیں بھارت میں اتفاقیہ طور پر ہوئی تھی۔ اینا سیاحت کی غرض سے اکیلی بھارت آئی ہوئی تھی اور ایک بار میں تھی جہاں اس کا انوبھوو کے ساتھ آمنا سامنا ہوا۔ وہیں دونوں میں بات چیت ہوئی اور انہوں نے فون نمبرز کا تبادلہ کر لیا اور انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرلیا۔ یوں ان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا جو روس کے یوکرین پر حملے کے ہنگام اب ازدواجی تعلق میں بدل گئی ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -