دنیا بھر میں رہنے والے مسلمان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،عبدالباسط کا خطاب

دنیا بھر میں رہنے والے مسلمان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،عبدالباسط کا خطاب

برلن (اے پی پی) جرمنی میں پاکستان کے سفیر عبدالباسط نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں رہنے والے مسلمان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات برلن میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے دی جانیوالی افطارپارٹی کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کے باوجود پاکستان نے مختلف شعبوں میں ترقی کی ہے‘ جمہوری نظام کی بحالی‘ سول سوسائٹی اور میڈیا کا اشتراک آئینی و سیاسی اصلاحات ترقی کی چند مثالیں ہیں جو پاکستان میں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جمہوری نظام اور جدت پر یقین رکھتی ہے اور ملکی ترقی و استحکام کیلئے کوشاں ہے۔ عبدالباسط نے کہا کہ پاکستانی برادری کا جرمنی میں اقلیتوں میں مثبت عکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری پاکستان کے سچے نمائندے ہیں اور ان کے کام کی وجہ سے پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے ، جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھی مزید مستحکم ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستانی برادری کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔

مزید : عالمی منظر