یوم شہادت علیؓ سکیورٹی کے نام پر ناکارہ واک تھر وگیٹ لگائے جانے کا انکشاف

یوم شہادت علیؓ سکیورٹی کے نام پر ناکارہ واک تھر وگیٹ لگائے جانے کا انکشاف

لاہور(سپیشل رپورٹر)حضرت علیؓ کی یوم شہادت کے حوالے سے نکالے جانے والے مرکزی جلوس کے موقع پرلاہور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے نام پر ناکارہ واک تھرو گیٹ لگائے جانے کے انکشاف پر اعلی افسران نے اسکی فوری انکوائری کرنے اور اس میں ملوث پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک روز قبل صوبائی دارالحکومت میں حضرت علیؓ کی شہادت کے حوالے سے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حساس اداروں کی جانب سے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کی روشنی میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کے نام پر اس مرکزی جلوس کے داخلی اور خارجی راستوں پر تین سے چار سکیورٹی چیک پوائنٹ بنائے گئے تھے جہاں پر زائر ین کی مکمل تلاشی کیلئے واک تھرو گیٹس بھی نصب کرنے کے دعوے کیے گئے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اندرون موچی گیٹ سے لیکر بھاٹی چوک اور کربلا گامے شاہ کے گردونواح میں لگائے گئے واک تھرو گیٹ میں زیادہ تر گیٹ ناکارہ تھے۔ جن کا انکشاف ہونے پر اعلیٰ افسران نے اس کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے لاہور پولیس کے اعلیٰ افسران کو اس معاملے کی فوری انکوائری کرنے اور اس میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ قربان لائن میں اس وقت بھی ایک درجن کے قریب واک تھرو گیٹ ناکارہ حالت میں پڑے ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر واک تھرو گیٹ پولیس اہلکاروں نے اپنے کمروں کے باہر ڈیکوریشن کے طور پر لگا رکھے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1