فی گھنٹہ پارکنگ فیس ختم 105سٹینڈ ز کی بولی 15اگست کو ہوگی

فی گھنٹہ پارکنگ فیس ختم 105سٹینڈ ز کی بولی 15اگست کو ہوگی

لاہور (ریحان چودھری) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موجود 355 پارکنگ سٹینڈز میں سے 166 پارکنگ سٹینڈز کام نہیں کررہے جبکہ اوورچارجنگ اور پارکنگ مافیا کی اجارہ داری ختم کرنے کے لئے فی گھنٹہ پارکنگ فیس ختم کی جارہی ہے اور 105 پارکنگ سٹینڈز کیلئے بولی 15 اگست کو کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ آفیسر شہری سہولیات فہد انیس نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ہی میری تعیناتی بطور ڈسٹرکٹ آفیسر شہری سہولیات ہوئی ہے، اس دوران میں نے مختلف پارکنگ سٹینڈز کا دورہ کیا۔ کئی پارکنگ سٹینڈز سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے منظوری کے بغیر کام کررہے ہیں جس میں ٹیکس انسپکٹر ملوث ہیں جس پر میں نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ جبکہ مزید 105 پارکنگ سٹینڈز کی نیلامی 15 اگست کو منعقد کی جارہی ہے جس میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ سے رجسٹرڈ فرمیں حصہ لے سکیں گی جو اپنی رجسٹریشن ڈی ڈی او ٹیکس سے کروا سکتی ہیں اور بولی کے لئے مقررہ فیس جمع کروانے پر بولی میں حصہ لے سکتی ہیں اور بولی میں کامیاب ہونے کی صورت میں دو ماہ کی ایڈوانس رقم وصول کی جائے گی۔ پچھلی نیلامی کے دوران بدنظمی کے حوالے سے فہد انیس کا کہنا تھا کہ بولی کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نپٹنے کے لئے پولیس سے مدد طلب کرلی گئی ہے جبکہ ایسے کسی واقعے میں ملوث فرموں یا ٹھیکیداروں کوڈیفاٹر قرار دیا جائے گا جو آئندہ کسی بھی بولی میں حصہ نہ لے سکیں گے اور اسی باعث 22 کنٹریکٹرز کو ڈیفالٹرز قرار دیا جاچکا ہے جبکہ اس بار بولی کے لئے مقرر رقم گزشتہ 3 سال کی اوسط آمدن کے مطابق مقرر کی گئی ہے کیونکہ پچھلی نیلامی میں ہونے والی بدنظمی کی وجہ سے ریزرو پرائس کا برابر نہ ہونا اور کسی طے شدہ فارمولے کے تحت رقم مقرر نہ کرنا تھا ا ور اب اوورچارجنگ سے بچنے کے لئے ہر گھنٹے 20 روپے فیس بھی ختم کی جارہی ہے اور ایک جیسے ریٹ ہی متعارف کروائے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...