جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفاد کیا جائے، پنجاب حکومت وسائل فراہم کرے گی شہباز شریف

جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفاد کیا جائے، پنجاب حکومت وسائل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ پولیس عوام کو ریلیف اور انصاف کی فراہمی کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے۔ تھانوں میں دادرسی کے لئے آنے والوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیاجائے۔ انہوںنے کہاکہ جرائم کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیاجائے۔ یہ بات انہوں نے لاہر میں سیکیورٹی انتظامات، امن و امان اور جرائم کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مقصد کے لئے ضروری وسائل فراہم کرے گی۔ انہوںنے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے،وہ شہریوں میں احساس تحفظ پیداکرے تاکہ لوگ سکھ کی نیند سو سکیں۔ انہوںنے کہاکہ تھانہ کلچر میں تبدیلی پنجاب حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے لاہور پولیس رول ماڈل کا کردار ادا کرے۔ انہوںنے کہاکہ میں جلدلاہور پولیس کے افسران سے دوبارہ ملاقات کروں گا جس میں پولیس افسران سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے موثر پلان پیش کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں مل جل کرحالات کو ٹھیک کرناہے اور ایک ٹیم ورک کے طور پر آگے بڑھنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ گروہوں کی بیخ کنی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔مجرموں، بدمعاشوں ،ڈاکوﺅں اور راہزنوں کو نکیل ڈالی جائے تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے۔اراکین اسمبلی نے جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز دیتے ہوئے کہاکہ تھانے کے ماحول کو عوام دوست بنا کر نہ صرف شہریوں کی دادرسی کی جاسکتی ہے بلکہ بہت سے مسائل خودبخود حل ہوجائیں گے۔ انہوںنے جیل میں موبائل فون کے استعمال کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ انسداد جرائم کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استعفادہ کرنے ،انٹیلی جنس نیٹ ورک کو تھانے کی سطح تک لیجانے اور سپیشلائزڈ یونٹ تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا ہے کہ پولیس فورس کی مناسب مینجمنٹ اور وسائل کے بہترین استعمال سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پولیس فورس جرائم کے خاتمے ،عوام میں احساس تحفظ پیداکرنے اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔دریں اثناءٹینٹ آفس میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سائلین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی خادم بن کر ان کی شکایات کا ازالہ کرے، ناانصافی برداشت نہیں کروںگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سنگین جرائم کے شواہد کی تصدیق فرانزک لیب سے کروائے کیونکہ یہ جدید ترین لیب اربوں روپے کی لاگت سے سنگین جرائم کی سائنٹیفک تفتیش کے لئے ہی بنائی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے برج اٹاری شیخوپورہ میں 4 افراد کے قتل کیس کے ملزم کراچی سے گرفتار کرنے پر ڈی پی او شیخوپورہ اور پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس اور 50، 50 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔ مدعی خاندان نے ملزموں کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ سرگودھا میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی لڑکی کے مفت علاج کی ہدایت کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو کیس کی پیروی کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ سرگودھا ہی میں پولیس تشدد سے ہلاک ہونے والے شہری کے کیس کی نئی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے مدعی پارٹی کو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ناانصافی اور ظلم و زیادتی کسی صورت قبول نہیں۔ بجلی کی اذیت ناک لوڈشیڈنگ کرکے پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے، معیشت کا پہیہ جام ہوا لیکن زرداری ٹولہ ٹس سے مس نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران مجھے ٹینٹ آفس بند کرنے کا کہا لیکن میں نے کہا کہ جب تک پنجاب اور اس کے عوام کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے انصاف پر مبنی سلوک نہیں ہوتا، احتجاجی ٹینٹ آفس جاری رہے گا۔ مشترکہ مفادات کونسل میں صوبے میں غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پنجاب کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا اور اجلاس کے دوران میری قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی۔ مسئلے کے حل کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو سات روز میں پنجاب کے ساتھ ہونے والی ناانصافی اور یکساں لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ یہ بات ٹینٹ آفس میں ٹھوکر نیاز بیگ اور ملحقہ آبادیوں کے رہائشیوں، مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

مزید :

صفحہ اول -