بی آئی ایس پی کے تحت 52 ارب روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے: فرزانہ راجہ

بی آئی ایس پی کے تحت 52 ارب روپے کی رقم تقسیم کی جاچکی ہے: فرزانہ راجہ

 لاہور(ثناءنیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے مگر بدقسمتی سے اس کے مخالفین عوام کو حقوق دینے کے بجائے ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ موجودہ جمہوری حکومت ایک جانب افواج پاکستان کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے تو دوسری جانب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) کے ذریعہ غربت کے خلاف جنگ میں مصروف عمل ہے ۔ بی آئی ایس پی موجودہ حکومت کا اہم ترین پروگرام اور قومی اثاثہ ہی نہیں بلکہ ملک کے غریب عوام اور مظلوم خواتین کا پروگرام ہے ۔ اس امر کا اظہار وفاقی وزیر و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) محترمہ فرزانہ راجہ نے گورنر ہاﺅس لاہور میں بی آئی ایس پی کی وسیلہ حق سکیم کے تحت منعقدہ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والی282 مستحق خواتین میں فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے پر مشتمل وسیلہ حق کے چیک تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ گورنر پنجاب سردار لطیف احمد خان کھوسہ، وزیر مملکت برائے اطلاعات سید صمصام بخاری، رکن پنجاب اسمبلی فائزہ ملک، پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کے ڈویژنل صدر چودھری منظور بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی محترمہ فرزانہ راجہ کی کارکردگی کو لائق تحسین قراردیاجن کی وجہ سے دنیا بھر میں بی آئی ایس پی کی شفافیت کو تسلیم کیا جا رہا ہے ۔تقریب سے وزیر مملکت برائے اطلاعات سید صمصام بخاری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہا ہے اور پوری دنیا میں ایسے موثر پروگرام کی مثال نہیں ملتی۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...