ایران میں ہولنا ک زلزلہ تبریز سمیت درجنوں قصبات میں تباہی 200ہلاک سینکڑوں زخمی

ایران میں ہولنا ک زلزلہ تبریز سمیت درجنوں قصبات میں تباہی 200ہلاک سینکڑوں ...

تہران (اے پی اے، رائٹرز، مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے شہر تبریز اور قصبے ورزقاب میں ہولناک زلزلے کے 2 جھٹکوں کے نتیجے میں میں کم از کم 200 کے قریب افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پہلا زلزلہ تبریز میں آیا جس کے کچھ دیر بعد دوسرا زلزلہ قصبہ ورزقاب میں آیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سب سے زیادہ نقصان حارث اور ورزقاب نامی قصبوں میں ہوا جہاں 4 دیہات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 60 دیہات میں 70 فیصد تک تباہی دیکھنے میں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ زخمیوں کو فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ آخری اطلاعات کے مطابق دونوں زلزلوں کے بعد 18 آفٹر شاکس محسوس کئے گئے ہیں۔ ایران کی ہنگامی سروسز کے ادارے کے سربراہ غلام رضا معصومی کا کہنا تھا کہ ’مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے حکام کو ہلاکتوں کی درست تعداد کا تعین کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔‘تبریز کی ایک رہائشی نے بی بی سی کو بتایا کہ ’زلزلے کے جھٹکوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا اور بہت سے لوگ اپنے مکانوں سے باہر نکل آئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جھٹکوں کے بعد ہزاروں افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر بھاگ نکلے۔ ایمبولینسوں کا رش ہر جگہ ہے۔‘ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہلالِ احمر کی ریلیف اینڈ ریسکیو تنظیم کے سربراہ محمود مظفر کا کہنا ہے کہ چھیاسٹھ امدادی کارکنوں کو متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ دریں اثناءپاکستان کے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف نے ایرانی صدر احمدی نژاد کو فون کیا اور زلزلہ سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے ہر طرح کی امداد کی پیشکش کی۔

مزید : صفحہ اول