ایران میں زلزلہ، ہرطرف تباہی پھیل گئی ، 250 افراد جاں بحق، 2000زخمی، پاکستان نے امداد کی پیشکش کر دی

ایران میں زلزلہ، ہرطرف تباہی پھیل گئی ، 250 افراد جاں بحق، 2000زخمی، پاکستان نے ...
ایران میں زلزلہ، ہرطرف تباہی پھیل گئی ، 250 افراد جاں بحق، 2000زخمی، پاکستان نے امداد کی پیشکش کر دی

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں ہفتے کی شام کوآنے والے زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلا دی جس میں اب تک تقریباً250افراد جاں بحق اور 2000سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سرکاری طور پر لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر60 گاﺅں بری طرح متاثر ہوئے ہیں جبکہ مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز تبریز سے 37 میل دور شمال میں تھا جبکہ 11 منٹ بعد آنے والے دوسرے زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز 30 میل دور تھا۔ میڈیا رپوررٹس میں بتایاگیا ہے کہ دوبار آنے والے زوردار زلزلے کے بعد 18 مرتبہ آفٹرشاکس بھی محسوس کیے گئے جس نے ایٹمی سہولتیں فراہم کرنے والے ایران کے سب سے اہم شہر کو تبریز کو ہلا کر رکھ دیا جہاں مضبوط ترین بلاکوں سے بنائی جانے والی عمارتیں بھی زمین بوس ہو گئی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو عمارتوں کے قریب جانے سے روک دیا ہے اور کھلی جگہوں پر رات گزارنے کی ہدایت پر شہریوں نے رات کھلے پارکوں اور میدان میں گزاری ۔ ایک ایرانی قانون ساز عباس فلاح نے بتایا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹوں اور اشیائے خوردونوش کی شدید ضرورت ہے جبکہ کھلے مقامات پر شہریوں کو طبی امداد دی جارہی ہے ۔ خبر ایجنسی کے مطابق تبریز کے قریب سب سے زیادہ تباہی ہوئی جہاں 60 گاﺅں متاثر ہوئے اورمیڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 250 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔پورے علاقے میں مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہے۔

امدادی ٹیموں کو وہاں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ایمرجنسی نافذ ہے ۔ پاکستان نے اس سانحے پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور ایران کو ہر طرح کی مدد کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت اپنے دوست ملک ایران اور اس کے شہریوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید : اسلام آباد /Headlines