بھارتی جنگی جنون عروج پر: لائن آف کنٹرول پرایک بار پھر فائرنگ ،بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی و شدیداحتجاج

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج کی جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے، چند روز کے دوران بھارت کی جانب سے جارحیت کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔پاکستان نے کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دفتر خارجہ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باو¿نڈری پر بھارت کی جانب سے مسلسل فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے شدید احتجاج کیا ہے ، اس کے ساتھ ہی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک مراسلہ بھی دیا گیا ہے جس میں کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی جانب سے وقفے وقفے سے کی جانے والی فائرنگ کا سلسلہ بند کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر سختی سے عمل درآمد کر نے کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
دفتر خارجہ نے واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک قرار دیا ہے،ترجمان کے مطابق جنگ بندی قائم رکھنا دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے۔پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اعزاز چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی صبح سیالکوٹ سیکٹر میں انڈین بارڈر فورس نے پاکستانی رینجرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر رینجرز نے مزاحمت کی اور ذمہ داری سے جواب دیا.ان کا کہنا تھا کہ لا ئن آف کنٹرول پر فائر بندی پر عمل کرنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باو¿نڈری پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں آج ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر دو سیکٹرز میں پاکستانی علاقوں میں بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ کی، پاک فوج کے بھرپور جواب کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔
بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے،عسکری ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھارت نے بٹل، چری کوٹ اور ستوال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔اس سے پہلے بھارتی فوج نے راولا کوٹ،بٹل،مدار،ڈونگا ،بجوات،گھمیر اور کوٹلی سیکٹرز میں جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف وررزی کرتے ہوئے فائرنگ کی،جس سے ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔شہید ہونیوالے شہری زبیر کا تعلق ڈنگا سیکٹر سے ہے۔پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دینے پر بھارتی بندوقیں خاموش ہو گئیں۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔