چارے کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا: مہرعابدحسین
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی دودھ اور گوشت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہمیں چارے کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنا ہوگا۔زراعت افسران و فیلڈ سٹاف دیگر فصلات کے ساتھ چارہ جات کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کریں۔یہ بات ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت (توسیع) مظفر گڑھ مہر عابد حسین نے محکمہ زراعت کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مظفر گڑھ میں 87ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر ربیع جبکہ 72ہزار ایکڑ رقبہ پر خریف کے چارہ جات کی کاشت ہوتی ہے۔جن کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی انتہائی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک اندازے کے مطابق صوبہ پنجاب میں جانوروں کی تعداد 5.5کروڑ سے زائد ہے اور ان میں سالانہ 4فیصد سے زیادہ اضافہ ہورہاہے۔
مویشیوں کی بہتر نشوونما کے لیے سبز چارے کی پیداوار میں اضافہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کے چارہ جات کے کل رقبہ کا 80فیصد یعنی 48لاکھ ایکڑ رقبہ پر چارہ جات کاشت ہوتے ہیں۔ربیع کے چاروں کا رقبہ ساڑھے 25 لاکھ ایکڑ سے زائد ہے۔